وزیر مملکت برائے سیفران وانسداد منشیات شہریار آفریدی کا اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیر انتظام منشیات جلانے کی سالانہ تقریب سے خطاب

لاہور۔11 دسمبر(اے پی پی ) وزیر مملکت برائے سیفران وانسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اپنی قلیل نفری اور محدود وسائل کے باوجود منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کی سرکوبی کے لیے بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلا کر اس کے استعمال میں کمی لانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے …

لاہور۔11 دسمبر(اے پی پی ) وزیر مملکت برائے سیفران وانسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اپنی قلیل نفری اور محدود وسائل کے باوجود منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کی سرکوبی کے لیے بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلا کر اس کے استعمال میں کمی لانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیر انتظام منشیات جلانے کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری برائے انسداد منشیات ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل محمد عارف ملک (ہلال امتیاز ملٹری) قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندوں /کھیل اور فیشن انڈسٹری کی نامور شخصیات سمیت طلباء و طالبات اور این جی اوز کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے منشیات سے پاک معاشرے کے نظریئے کوعملی جامہ پہنانے کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس کی کوششوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اے این ایف ہر سال پکڑی جانیوالی منشیات تلف کرنے کی تقریب منعقد کرتی ہے جس کا مقصد آپ سب لوگوں کے ساتھ مل کر منشیات کے استعمال اور اس سے بچنے کا اعادہ کرنا ہے۔ اگر سول سوسائٹی کے اراکین اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر اس جہاد میں حصہ لیں تو مجھے یقین ہے کہ ہم جلد اس خطرے پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلائی جانے والی منشیات اندورن ملک استعمال ہونا تھی یا پھر ملک سے باہر سمگل کی جاتی تھی جس کو اینٹی نارکوٹکس فورس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اپنے فرض کی ادائیگی میں اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر پکڑا۔ اس سال جلائی جانیوالی منشیات 55.144 کلو گرام ہیروئن اور 10591.271 کلو گرام چرس 616.521 کلو گرام افیون 62.0270 کلو گرام ایمفائٹائن 117225بوتلیں شراب اور 1110 مارفین کے انجیکشن اور 4006 مارفین کی گولیاں اور 863.065 کلو گرام بھنگ اور 1.590 کلو گرام کوکین پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ سال 2019ء کے دوران اب تک اے این ایف پنجاب نے منشیات کے سمگلروں کے خلاف374 کیسز درج کئے اور 436 افراد کو گرفتار کیا جبکہ منشیات کی سپیشل عدالت نے دو مجرموں کو سزائے موت 21 مجرموں کو عمر قید اور 341 مجرموں کو دیگر سزائیں سنائیں۔ فورس کمانڈر کے خطاب کے بعد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلباء و طالبات نے منشیات کے خلاف خاکہ پیش کیا۔

مزید خبریں