صدر مملکت کی سری لنکا کے لئے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام بھارتی ظلم و جبر کے شکار کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان بھارت کی پارلیمان کے ایوان زیریں لوک سبھا کی جانب سے متنازعہ سیٹیزن شپ ترمیمی بل کی منظوری اوراقلیتوں کے ساتھ بھارتی فاشسٹ حکومت کے غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتا ہے۔ صدر مملکت نے ان …

اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام بھارتی ظلم و جبر کے شکار کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان بھارت کی پارلیمان کے ایوان زیریں لوک سبھا کی جانب سے متنازعہ سیٹیزن شپ ترمیمی بل کی منظوری اوراقلیتوں کے ساتھ بھارتی فاشسٹ حکومت کے غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتا ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سری لنکا کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک کے ساتھ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے یہ بات زور دے کر کہی کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی، ہائی کمشنرز اور سفیروں کو مسئلہ کشمیر کے حقیقی منظر نامے اور بھارتی جارحیت و ظلم و جبر کو بھروپر انداز میں اجاگر کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی ہے۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گرم جوشی پر مبنی تعلقات کا اندازہ قیادت کی سطح پر تبادلوں سے بھی ہوتا ہے تاہم صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کا حجم استعداد سے کم ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تجارتی حجم میں اضافہ کے لئے کوششوں میں تیزی لائی جائے۔ صدر مملکت نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ 2009ء کے بعد پہلی مرتبہ سری لنکا کی ٹیم بین الاقوامی ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے لئے پاکستان آئی ہے جس سے پاکستان میں کرکٹ کا احیاء ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے طلباء کو پاکستان میں وظائف دینے پر ہمیں فخر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بدھ مت تہذیب و تمدن کا گھر ہے۔ پاکستان میں ہر سال بیساکھی کا تہوار منایا جاتا ہے جس میں سری لنکا سے بدھ راہب اور ماہرین تعلیم شرکت کے لئے آتے ہیں۔ صدر نے نامزد سفیر کو سیاحت کے فروغ کے لئے کام کرنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے کراچی۔کولمبو اور لاہور ۔کولمبوکے مابین پروازوں کے آغاز کی سری لنکن ایئرلائن کے اقدام کی تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور عوامی رابطوں میں اضافہ ہو گا۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور امید ظاہر کی کہ ان کے دورسفارت میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات میں توانائی آئے گی۔

مزید خبریں