پیر نور الحق قادری کی اردن میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے ملاقات، تعزیت

الکرمہ، اردن ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اردن میں جاں بحق 13 پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے جمعرات کو اردن کے شہر الکرمہ پہنچے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اس علاقے میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کے المناک واقعہ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 13پاکستانی …

الکرمہ، اردن ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اردن میں جاں بحق 13 پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے جمعرات کو اردن کے شہر الکرمہ پہنچے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اس علاقے میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کے المناک واقعہ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 13پاکستانی جاں بحق ہو گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور جمعرات کو اردن کے علاقے الکرمہ پہنچے۔ متاثرہ خاندان کے سربراہ علی شیر جوئیہ اور دیگر افراد سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کے خاندان کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے۔ میں وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ان کا تعزیتی پیغام لے کر آیا ہوں۔ اس دلخراش واقعہ پر وزیراعظم پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ پیر نور الحق قادری نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا اور فاتحہ خوانی کی۔ واضح رہے کہ متاثرہ خاندان کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے دادو سے ہے۔ اردن کے شہر الکرمہ میں ان کے ساتھ ضلع دادو، نواب شاہ، لاڑکانہ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تقریباً 14ہزار پاکستانی گذشتہ 50 سال سے آباد ہیں اور ان کا ذریعہ معاش کھیتی باڑی ہے۔ متاثرہ خاندان کے سربراہ علی شیر جوئیہ نے وفاقی وزیر کی آمد اور وزیر اعظم کے تعزیتی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں