کشمیر کے مستقبل کے بارے میں کوئی سمجھوتہ کشمیریوں کی مرضی اور خواہشات کے برعکس نہیں ہو سکتا، سردار مسعود خان

اسلام آباد ۔ 17 دسمبر (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کے بارے میں کوئی سمجھوتہ کشمیریوں کی مرضی اور خواہشات کے برعکس نہیں ہو سکتا۔ یہ بات انہوں نے کشمیر ہاو¿س اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) حلقہ 4 راولاکوٹ کے عوامی وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی جس کی قیادت سردار …

اسلام آباد ۔ 17 دسمبر (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کے بارے میں کوئی سمجھوتہ کشمیریوں کی مرضی اور خواہشات کے برعکس نہیں ہو سکتا۔ یہ بات انہوں نے کشمیر ہاو¿س اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) حلقہ 4 راولاکوٹ کے عوامی وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی جس کی قیادت سردار توصیف عزیز کر رہے تھے۔ وفد میں راجہ نوید کوآرڈینیٹر ضلع پونچھ، سردار خورشید، طارق جوش، ظہیر عباسی اور عبدالصمد بھی شامل تھے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان نامساعد ترین حالات کے باوجود گزشتہ سات دہائیوں سے جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ پوری ثابت قدمی کے ساتھ کھڑا ہے جس کےلئے جموں و کشمیر کے عوام ریاست پاکستان اور پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر مسئلہ کشمیر زندہ ہے تو اس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی قربانیوں کے بعد ریاست پاکستان کا پورے عزم اور استقلال کے ساتھ کشمیریوں کی حمایت میں کھڑے رہنا بھی ایک بڑا سبب ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے مسلم لیگ (ن) کے وفد کو یقین دلایا کہ راولاکوٹ کے حلقہ چار خاص طور پر بنگوئیں اور جنڈالہ میں تعمیر و ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالہ سے علاقے کی ضروریات کو پورا کرنے اور خاص طور پر سڑکوں کی تعمیر اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے مسائل کو حکومت کی پالیسی کے مطابق ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔ وفد نے مشترکہ طور پر مسلم لیگ کے دیرینہ کارکن راجہ نوید کی سیاسی ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کوارڈینیٹر کی تعیناتی میں آزادکشمیر کے تمام حلقوں کو نمائندگی دی گئی ہے لیکن راولاکوٹ کے حلقہ چار کو اس سلسلے میں مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے جس سے عوام علاقہ اور جماعتی کارکنوں میں مایوسی اور بددلی پائی جاتی ہے جس کا ترجیحی بنیاد پر ازالہ کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر آزادکشمیر نے جماعتی وفد کو یقین دلایا کہ حلقہ چار کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے راجہ نوید کی جماعت اور عوام علاقہ کے لئے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی مخلصانہ جدوجہد کی تعریف کی۔ قبل ازیں وفد کے قائد سردار توصیف عزیز اور وفد کے ارکان نے صدر ریاست کو بتایا کہ کشمیر کے مستقبل کے حوالے سے عوام میں طرح طرح کی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے ایک غیر یقینی کی فضاءپیدا ہو گئی ہے جو ریاست جموں وکشمیر کے مقبوضہ حصے میں جاری جدوجہد آزادی کےلئے نقصان دہ ہے۔ لیگی وفد نے صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ انہوں نے اس سے قبل بزرگ مسلم لیگی رہنما اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق سے ملاقات کرکے ان کے نوٹس میں بھی کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات لائے ہیں۔ مسلم لیگی وفد نے صدر آزادکشمیر سے کہا کہ وہ میرٹ کے علمبردار ہیں اور انہوں نے اب تک ہمیشہ میرٹ کی بالادستی کی بات کی ہے اس لئے راولاکوٹ کے حلقہ چار کے عوام کے مسائل اور جماعتی کارکنوں کے حقوق بھی میرٹ کی بنیاد پر حل کرانے کے لئے وہ اپنا کردار ادا کریں۔ صدر آزادکشمیر نے وفد کو ایک بار پھر یقین دلایا کہ ان کے لئے اور آزادکشمیر کے تمام علاقوں کے عوام کے لئے ایوان صدر کے دروازے کھلے ہیں اور ان کے مسائل کو بتدریج حل کرانے کےلئے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔