وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی اے پی پی سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کے ذریعے اشیاءاورخام مال کی ملک کے طول و عرض میں نقل و حمل مزید موثر بنانے کے لئے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے، پاکستان ریلویز نے 12 مہینے میں 507ملین روپے کی لاگت سے ازہ خیل ڈرائی پورٹ کا یہ پراجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچایا، …

اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کے ذریعے اشیاءاورخام مال کی ملک کے طول و عرض میں نقل و حمل مزید موثر بنانے کے لئے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے، پاکستان ریلویز نے 12 مہینے میں 507ملین روپے کی لاگت سے ازہ خیل ڈرائی پورٹ کا یہ پراجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچایا، وزیراعظم عمران خان جلد اس منصوبے کا افتتاح کرینگے، 28 ایکٹر پر محیط اضاخیل ڈرائی پورٹ پر مال برداری کی نقل و حمل، لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کی جملہ جدید سہولیات دستیاب ہونگی، یہ ڈرائی پورٹ نوشہرہ شہر سے8کلو میٹر کی دوری پر مین جی ٹی روڈ پر واقع ہے اور اسے رنگ روڈ پشاورکے ساتھ براستہ سڑک رسائی بھی حاصل ہے۔ وہ جمعرات کو اضاخیل ڈرائی پورٹ پر جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کے بعد "اے پی پی ” سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے بتایا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ منصوبے پر 2006میں کام کا آغاز کیا گیا، اس منصوبے کاکنٹریکٹ ریلوے کنسٹرکشن پاکستان لمیٹڈکو اوپن ٹینڈرز کے ذریعے دیا گیاجو پاکستان ریلویز کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیر پیائی ازہ خیل میں ریلوے کی کل اراضی 64,500ایکڑ پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلیٹ فارم کی لمبائی 137000مربع فٹ جبکہ ویٹ بریج(weighbridge) کی گنجائش150ٹن تک ہے۔ڈرائی پورٹ ایک سنگل ونڈو کسٹم کلیئرنس آفس کا بھی حامل ہے جو پاکستان کسٹمزکی جانب سے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی لاجسٹکس کو فروغ دینے کی پالیسی کے مطابق یہ اضاخیل ڈرائی پورٹ عوام اور تاجروں کی جملہ ضروریات کو پورا کرتے ہوئے قومی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اضا خیل ڈرائی پورٹ کے ذریعے کراچی بندرگاہ سے فریٹ کی ملک میں نقل و حمل اور پھر اس سامان کی افغانستان کو براستہ سڑک منتقلی کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت پاکستان ریلویز روزانہ 15مال بردار ٹرینیں چلا رہی ہے جو پاکستان ریلویز کی 72 سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے اس کے باجود بھی پاکستان میں مارکیٹ شیئر کا یہ حصہ 4-6فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ اور سی پیک کے تحت پشاور سے کراچی تک 1872کلو میٹر طویل ریل ٹریک کے قیام سے پاکستان ریلویز مارکیٹ شیئر کا 20فیصد کی مال برداری کے قابل ہوجائے گا۔اس سے پاکستان ریلوے آنے والے پانچ چھ سالوں میں اپنے سالانہ خسارے پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اس بے مثال منصوبے کا افتتاح کرینگے اس کے لئے تمام تر تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ریلوے کے حکام اور ماہرین کے ہمراہ ڈرائی پورٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔