وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی پاکستان کانگریشنل کاکس‘ کی جانب سے مدعو کیے جانے کے موقع پر کیپٹل ہل میں بات چیت

واشنگٹن ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کانگریشنل کاکس‘ کی جانب سے مدعو کیے جانے کے موقع پر کیپٹل ہل میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خارجہ جمعرات کو کیپٹل ہل پہنچے جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا …

واشنگٹن ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کانگریشنل کاکس‘ کی جانب سے مدعو کیے جانے کے موقع پر کیپٹل ہل میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خارجہ جمعرات کو کیپٹل ہل پہنچے جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاکستان کانگریشنل کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن، کانگریس کے رکن تھامس سوازی، ڈیموکریٹک پارٹی کے کوچیئر، ممبر کانگریس جم بینکس ، ریپبلکن پارٹی سے پاک کانگریشنل کاکس کے "کو چئیر” ممبران بھی اس تقریب میں شریک تھے۔ امریکی کانگریس میں پاکستان کانگریشنل کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکسن لی اور پاکستان کاکس کے دیگر اراکین نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو کیپیٹل ہل آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکی سیاست میں یو ایس کانگریس کی مرکزی حیثیت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے، امریکی کانگریس میں کاکس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے میں "پاکستان کانگریشنل کاکس” نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے سماجی و اقتصادی ترقی، ہیومن ڈویلپمنٹ کے حکومتی وژن، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور "افغان امن عمل” سمیت علاقائی امن و استحکام کیلئے کی جانے والی حکومتی کاوشوں سے "کاکس” اراکین کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے "پاکستان کانگریشنل کاکس” ممبران کو "پارلیمانی و عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ وزیر خارجہ نے کاکس ممبران کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں گذشتہ پانچ ماہ سے جاری بدترین کرفیو، بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاکستان کاکس کے اراکین نے دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے، خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی سنجیدہ کاوشوں کی تعریف کی۔ پاکستان کاکس کے اراکین نے وزیر خارجہ کی آمد اور مفصل بریفنگ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے "پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں” پاکستانی امریکن کمیونٹی” کی گرانقدر خدمات کو بھی سراہا۔