معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فرانس کے سفیر مارک بارٹے کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 17 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فرانس کے سفیر مارک بارٹے نے ملاقات کی جس میں اے ایف پی کی جانب سے اے پی پی کےلئے تکنیکی تعاون، تربیتی سہولیات اور میڈیا کے وفود کے دوطرفہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ …

اسلام آباد ۔ 17 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فرانس کے سفیر مارک بارٹے نے ملاقات کی جس میں اے ایف پی کی جانب سے اے پی پی کےلئے تکنیکی تعاون، تربیتی سہولیات اور میڈیا کے وفود کے دوطرفہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کی استعداد کار میں اضافہ اور ٹریننگ کیلئے فرانس سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی اسٹیٹ نیوز ایجینسیز اور نیشنل براڈ کاسٹرز کے مابین تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فرانس کی اے ایف پی نیوز ایجنسی کا شمار دنیا کی ٹاپ نیوز ایجینسیز میں ہوتا ہے، چاہتے ہیں کہ اے پی پی اے ایف پی کے تجربات سے استفادہ کرے، نیوز ایجینسیز کے مابین تعاون دونوں ممالک کے عوام کو اہم خبروں اور اطلاعات پہنچانے کیلئے ضروری ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد اور متحرک ہے، پاکستان فرانس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کےلئے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ جمہوری حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ فرانس کے سفیر مارک بارٹے نے فرانس کے میڈیا منظر نامہ پر روشنی ڈالی اور پاکستان اور فرانس کے مابین مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی نوعیت پر گفتگو کی۔ فرانس کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو فروغ دینے پر زور دیا ۔