اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 24 جنوری سے ہوگا ۔ اس موقع پر قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا حصہ بننے والے دو نوجوان کرکٹرز احسان علی اور عماد بٹ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو …
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 24 جنوری سے ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 24 جنوری سے ہوگا ۔ اس موقع پر قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا حصہ بننے والے دو نوجوان کرکٹرز احسان علی اور عماد بٹ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔سیریز کے آغاز سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے خصوصی انٹرویو دیا ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان بلے باز احسان علی نے اس خصوصی بیٹھک میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پسندیدہ خوراک "بریانی”کھانا ترک کردی ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ 31 روز سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سخت فزیکل ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں اور اس دوران ان کی فٹنس میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ احسان علی نے کہا کہ این سی اے میں ٹریننگ کے دوران ان کے ڈائیٹ پلان اور روٹین میں واضح نظم و ضبط دیکھا جاسکتا ہے۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے نامور کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ایک خواب کی مانند ہے۔ احسان علی نے کہا کہ وہ فارغ اوقات میں فلم دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سندھ کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ کرکٹر احسان علی نے 5 میچوں میں 148.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 131 رنز بنائے تھے۔ نوجوان کرکٹر احسان علی نے بنگلہ دیش کے خلاف”21” نمبر کی شرٹ پہن کر میدان میں اترنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ و ہ اپنی والدہ کی خواہش پر شروع سے "21” نمبر کی شرٹ پہننے کو ترجیح دیتے ہیں۔2008ءمیں پاکستان انڈر 15 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے احسان علی آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010ءمیں پاکستان کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔41 ٹی ٹونٹی میچوں میں 129 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 949 رنز بنانے والے احسان علی اپنے لسٹ اے کیرئیر میں 38 میچ کھیل کر 1045 رنز بناچکے ہیں۔ ان کے لسٹ اے کیریئر میں 4 نصف سنچریاں اور 1 سنچری شامل ہے۔ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آل راو¿نڈر عماد بٹ کا کہنا ہے کہ سبز ستارے والی شرٹ زیب تن کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ شان مسعود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے آلراو¿نڈر نے واضح کیا کہ وہ کسی مخصوص نمبر کی شرٹ لینے کے خواہشمند تو نہیں ہیں مگر وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آف سیزن میں بھی اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ عماد بٹ نے کہا کہ شعیب ملک ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ آل راو¿نڈر کا کہنا ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ڈیبیو کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہوم کراو¿ڈ کے سامنے ڈیبیو کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔نوجوان آل راو¿نڈر نے بتایا کہ گذشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف میچ جتوانا اب تک ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف آخری اوور میں 8 رنز کا دفاع کرنے سے ان میں خوداعتمادی بڑھی ہے۔ 24 سالہ آل راو¿نڈر عماد بٹ نے چند ماہ قبل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2019ءمیں دس وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 170 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 80 رنز بھی اسکور کئے تھے۔ 2013-14 میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے آل راو¿نڈر عماد بٹ اب تک 36 ٹی ٹونٹی میچوں میں 167 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 49 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔ 52 لسٹ اے میچز میں 611 رنزبنانے والے عماد بٹ 71 وکٹیں بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔شیڈول کے مطابق 24 جنوری بروز جمعہ کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور، 25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور،27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور،7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی،3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی اور5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی میں کھیلا جائے گا۔








