وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیاء میں قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کی بنیاد مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی گزشتہ سال یوم پاکستان پر آمد اور پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت دونوں ممالک کی …

اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیاء میں قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کی بنیاد مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی گزشتہ سال یوم پاکستان پر آمد اور پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت دونوں ممالک کی دوستی کا مظہر ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیر کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا منصب سنبھالنے کے بعد ملائیشیاءکا دوسرا دورہ دونوں ممالک کی مابین فروغ پاتے دوطرفہ مظبوط تعلقات کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کادورہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید تقویت ملے گی، مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں قائدین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنا وژن دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ملائیشیاءکی قیادت کو آگاہ کریں گے اور تنازع کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کا مظلوم کشمیریوں کے منصفانہ حق استصواب رائے کیلئے آواز بلند کرنا لائق تحسین ہے، وزیراعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر موقف ان کے ایک انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے۔