حکومت نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہی ہے، اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ مل کر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے، ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ حکومت نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہی ہے، اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ مل کر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے، اتحادی جماعتوں کو راضی رکھنا آسان کام نہیں ہوتا، اتحادیوں کے معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ حل کر لیں گے اور اس حوالے سے اداروں …

اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ حکومت نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہی ہے، اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ مل کر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے، اتحادی جماعتوں کو راضی رکھنا آسان کام نہیں ہوتا، اتحادیوں کے معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ حل کر لیں گے اور اس حوالے سے اداروں کو بھی تعاون کرنا پڑے گا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن )اور پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کئے، موجودہ حکومت نے ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جن میں صحت انصاف کارڈ، جوان کامیاب پروگرام، لنگر خانے، احساس پروگرام اور پناہ گاہیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا منشور اور شناخت ہوتی ہے، اتحادی جماعتوں کو راضی رکھنا آسان کام نہیں ہوتا، اختلافات چلتے رہتے ہیں اور اتحادیوں سے مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کوئی شوگر مل نہیں ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ہر شعبے میں مافیا بیٹھا ہوا ہے، مافیا اس ملک کے دشمن ہیں اور موجودہ حکومت ملک سے مافیا کا خاتمہ کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے کاٹن ایریا کی جگہ شوگر ملیں لگانے کی اجازت دی جس سے کاٹن کی صنعت تباہ ہوئی۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے بھاری قرضے لیکر ملک پر بوجھ بڑھایا، موجودہ حکومت قرض واپس ادا کر رہی ہے، اس کے علاوہ حکومت نے سابقہ حکومتوں کے کوئی منصوبے نہیں روکے بلکہ ان کو مکمل کرنے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں ہمیشہ گندم کا بحران رہا ہے، بیورو کریسی کی نااہلی کی وجہ سے گندم کا بحران پیدا ہوا تاہم موجودہ حکومت نے ایک ہفتے میںاس مسئلے کو حل کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ ن لیگ کا اس وقت کوئی قائد نہیں ہے، ن لیگ کے اندر گروپ بندی ہے اور وہ گروپ ایک دوسرے کو کنارے لگانے میں مصروف ہیں جبکہ اس کے قائدین لندن میں سیر تفریح کر رہے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کو چاہیے کہ واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے، نیب ملک میں بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل جاری رکھے گا۔