وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فلسطین کے سفیر احمد جواد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فلسطین کے سفیر احمد جواد نے منگل کو ملاقات کی ۔اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے، فلسطین کے مسئلے کے ایک منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کرتا رہے گا ۔یہ حل فلسطینیوں کے جائز حق اور …

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے فلسطین کے سفیر احمد جواد نے منگل کو ملاقات کی ۔اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے، فلسطین کے مسئلے کے ایک منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کرتا رہے گا ۔یہ حل فلسطینیوں کے جائز حق اور حق خودارادیت کی طرف جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کااسلامی ورثہ اور اقدار مشترکہ ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے میدان میں فلسطین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نیوز ایجنسیوں، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور ڈبلیو ایف اے اے کے مابین معاہدہ معلومات اور خبروں کے تبادلے کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نریندر مودی کی طرف سے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوششیں ناکام ہو نگی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی ایک پرعزم قوم ہے اور ہم جارحیت کے خلاف لڑنے کے لئے ان کی بہادرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ فلسطینی سفیرنے فلسطینی عوام کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان اور فلسطین کے مابین تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں شجرکاری مہم بلخصوص زیتون کے درخت لگانے اورزراعت کے شعبے میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔