بے شمار گمنام قبریں قابض بھارتی فوج کی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کایوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام

مظفرآباد ۔05فروری( اے پی پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پانچ فروری کے دن اپنی تحریک آزادی میں سرگرم ریاست جموں وکشمیرکے عوام کے ساتھ پاکستان کے عوام کی بے مثال یکجہتی پر ان کا شکرگزارہوں۔آج پاکستانی عوام ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کے بنیا دی حق حق خودارادیت جس کا اقوام عالم نے ان کے ساتھ وعدہ کیا تھا، کی تجدید …

مظفرآباد ۔05فروری( اے پی پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پانچ فروری کے دن اپنی تحریک آزادی میں سرگرم ریاست جموں وکشمیرکے عوام کے ساتھ پاکستان کے عوام کی بے مثال یکجہتی پر ان کا شکرگزارہوں۔آج پاکستانی عوام ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کے بنیا دی حق حق خودارادیت جس کا اقوام عالم نے ان کے ساتھ وعدہ کیا تھا، کی تجدید اور ریاست جموں وکشمیر کے مقبوضہ حصے میں جہاں بھارتی افواج نے غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور وہ ان کے حق سے ان کو محروم کرنے کیلئے وہاں پر موجود ہیں، کشمیر کے بھائیوں،بہنوں، بیٹوں، مجاہدین، سیاسی کارکنوں اوربزرگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ گزشتہ سات دہائیاں گزرنے کے باجود پاکستان کے عوام کشمیر یوں کے اس حق خوداردیت کے ساتھ اسی طرح قائم ہیں جس طرح ان کے ساتھ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح وعدہ کیا تھا۔ 19جولائی 1947کو کشمیری عوام کے اکابرین نے قرارداد منظور کی جس میں ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں نے الحاق پاکستان کا فیصلہ کیا تھا۔بعد ازاں جب سازشوں نے زور پکڑا اور کشمیری عوام کے حق رائے دہی کو بھارت کی سنگینیوں نے غصب کیا تو معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پہنچا جہاں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کشمیری عوام رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ ستر سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ہندوستان جس نے خود اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو ان کا حق رائے شماری دینے کا فیصلہ کیا تھا آج تک کشمیریوں کو ان کے حقوق دینے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور اس نے 5 اگست کو یکطرفہ اقدامات کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے اسے اپنی یونین ٹیریٹری بنانے کی کوشش کی ہے مگر کشمیری عوام کے آہنی عزم نے بھارت کی اس چال کو ناکام بنا دیا ہے۔اہل پاکستان نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کی بھرپور معاونت کی ہے اور وہ ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔آخری سپاہی ،آخری گولی اور آخری سانس تک کشمیریوں کی جدوجہد کا ساتھ دینے کے بیانیے نے حریت پسندوں کے جذبے کو مہمیز دی ہے اور وہ پہلے سے بھی زیادہ عزم کیساتھ اپنی آزادی کی تحریک کو روشن رکھے ہوئے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی افواج، خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے اور کٹھ پتلی حکومت کی پالیسی کی وجہ سے وہاں پر ایسے قوانین کا نفاذ کیا گیا ہے جس سے وہاں پر لوگوں کے بنیادی حق صلب کیے گئے ہیں وہاں پر کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے جس کی مثال مہذب دنیا میں نہیں ملتی۔ قابض افواج، پولیس، بی ایس ایف دیگر قابض فورسزریاست جموں وکشمیر کے اندر ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کررہی ہیں، کشمیریوں کو قتل کیا جارہا ہے، پیلٹ گن کے استعمال سے ان کی آنکھوں کی بینائی چھینی جارہی ہے،ہزار ہا معصوم لوگ اس وقت جیلوں میں بند ہیں اور ہزارہالوگوں کو شہید کیا گیا ہے جن کا ان کے لواحقین کو بھی علم نہیں ہے، بے شمار گمنام قبریں قابض بھارتی فوج کی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ میں ریاست جموں وکشمیر کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آپ کی پشت پر کھڑے ہیں آپ اپنے کو اکیلا نہ سمجھیں، ظلم کی یہ رات ڈھلنے والی ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ آزادی کا سورج جلد ی طلوع ہوگا۔یہ سویرا ہو کر رہے گا کشمیر بھارت سے آزاد ہو کر رہے گا یہ اٹل حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا اور ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔

مزید خبریں