میرپور ۔ 06 فروری (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہنا، پاکستان پرحملہ تمھاری آخری غلطی ہوگی، پاکستان میں کوئی موت سے نہیں ڈرتا، ہم اللہ پر ایمان رکھتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو زیادہ عرصہ نہیں رہ سکتا جس دن کرفیو اٹھا انسانوں کا سمندر آزادی کی آواز بن کر نکلے گا …
مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہنا، پاکستان پرحملہ تمھاری آخری غلطی ہوگی، پاکستان میں کوئی موت سے نہیں ڈرتا، ہم اللہ پر ایمان رکھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا میر پور میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب

مزید خبریں
میرپور ۔ 06 فروری (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہنا، پاکستان پرحملہ تمھاری آخری غلطی ہوگی، پاکستان میں کوئی موت سے نہیں ڈرتا، ہم اللہ پر ایمان رکھتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو زیادہ عرصہ نہیں رہ سکتا جس دن کرفیو اٹھا انسانوں کا سمندر آزادی کی آواز بن کر نکلے گا اورمودی کے ہاتھ میں کچھ نہیں رہے گا، پاکستان جنگ نہیں پرامن طریقے سے مسائل کے حل کا خواہاں ہے، آج پوری دنیا مقبوضہ کشمیرکے عوام کے حالات سے آگاہ ہے، کشمیرکا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم آزاد جموں وکشمیرراجا فاروق حیدرخان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیرامور کشمیر علی امین گنڈا پور، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان، پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید، تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، حریت رہنما سید عبداللہ گیلانی نے بھی شرکت کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ 5 اگست کے بعد سے مشکل ترین حالات سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس جلسے کا مقصد انہیں پیغا دینا ہے کہ صرف آزاد کشمیر نہیں پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ ہے، مشکل وقت میں صبر کرنے والا اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہے، اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ وہ ہر مشکل وقت کے بعد آسانی عطا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کےلئے اچھا وقت آنے والا ہے ،5 اگست کے نریندر مودی کے تکبر میں اٹھائے گئے قدم نے کشمیریوں کی آزادی کی راہ ہموار کی،ایمان ہے کہ مقبوضہ کشمیرکو آزاد ہونے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔5 اگست سے پہلے دنیا کشمیرکو بھول چکی تھی اور کوئی اس کا نام نہیں لیتا تھا لیکن پچھلے 6مہینوں میں مسئلہ کشمیر بین الاقوامی اہمیت اختیار کرچکا ہے،بھارت کا موقف رہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان اوربھارت کا دو طرفہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی پوری انتخابی مہم کے دوران پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا، بھارت نے بالا کوٹ میں ہمارے درخت شہید کرکے ہمارے سینکڑوں افراد کو مار نے کا دعوی کیا لیکن ہم نے بھارت کا طیارہ گرانے کے بعد اس کے پائلٹ کو انسانی ہمدردی کے ناطے واپس کردیا، مودی کی تمام انتخابی مہم پاکستان مخالف جذبات پر مشتمل تھی، نفرت کا پرچار کرنے والے سے امن کی امید نہیں کی جاسکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں مسائل حل کرانے کےلئے کوششیں کررہا ہے، ایران اور سعودی عرب کے درمیان جنگ رکوانے اور کشیدگی میں کمی لانے کےلئے پوری کوشش کی، افغانستان میں پائیدار امن کےلئے پاکستان پورے خلوص سے کوشش کررہا ہے،پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد آر ایس ایس کے انتہاءپسندی کے نظریے کو آگے بڑھایا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا،پانچ اگست کے بعد ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا،امریکا ، برطانیہ، جرمنی،کینیڈا، فرانس کے سربراہان اور روس کے وزیر خارجہ سے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی۔6ماہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر3بار زیر بحث آیا،ڈیڑھ سو امریکی اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے کشمیرکا مسئلہ اٹھایا،یورپی یونین کے 600ارکان پارلیمنٹ نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھائے ، مواصلاتی نظام بحال کرے اور کشمیری رہنماﺅں کو رہا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا کشمیرکے حالات کو جان گئی ہے ، کرفیو زیادہ دیر اب نہیں رہ سکے گا جس دن بھی کرفیو اٹھا انسانوں کا سمندر آزادی کی آواز بن کر نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے پاکستان کو11دن میں فتح کرنے کی بات کی ہے لیکن شاید اس نے دنیا کی تاریخ کا مطالعہ نہیں کیا، پاکستان کے عوام موت سے نہیں ڈرتے ،نریندر مودی اور بھارتی آرمی چیف کو بتایا دینا چاہتے ہیں کہ وہ غلط فہمی میں نہ رہیں اگر انہوں نے کوئی ایسی غلطی کی تو یہ ان کی آخری غلطی ہوگی پاکستان کا بچہ بچہ آخری سانس تک لڑے گا ، ہمارا تعلق اس قوم سے ہے جس کےلئے آزادی کےلئے جان قربان کرنا شہادت کا درجہ رکھتا ہے، پاک فوج دنیا کی منجھی ہوئی فوج ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف وہ جنگ جیتی ہے جس کی مثال نہیں ملتی،دنیا کے دیگرممالک کی افواج زیادہ وسائل کے باوجود اس طرح کی جنگ نہیں جیت سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی تاریخ کا مطالعہ کریں تو پتہ چلے گا کہ نیپولین اور ہٹلرکی فوجوں نے بھی روس پرحملہ کرتے وقت یہ دعوی کیا تھا کہ وہ چند ہفتوں میں فتح حاصل کرلیں گے لیکن دونوں فوجیں روس کے سرد موسم کو برداشت نہ کرسکیں، افغانستان میں دنیا کی سب سے طاقتور فوج 19 سال سے موجود ہے، ویتنام میں گھسنے والوں نے بھی ایسے ہی دعوے کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔








