حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ طلب و رسد کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ طلب و رسد کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وہ ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے بات چیت کر رہے تھے، جنہوں نے جمعرات کو ان سے …

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ طلب و رسد کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وہ ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے بات چیت کر رہے تھے، جنہوں نے جمعرات کو ان سے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ وزیر توانائی عمر ایوب خان، پرنس نواز آلائی، صالح محمد، علی خان جدون اور عظمی ریاض اور ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقات میں موجودتھے۔ ممبران قومی اسمبلی نے وزیرِ اعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی ضرورتوں سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے منتخب نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہایت مشکل اور نامساعد معاشی حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو استحکام فراہم کرنے کے بعد حکومت کی تمام تر توجہ عوام کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے انتظامی طور پر ہر ممکنہ اقدام اٹھا رہی ہے۔ انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ طلب و رسد کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیرِاعظم نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ مہنگائی پر موثر طور پر قابو پانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ گیس اور بجلی سے متعلق ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں بجلی و گیس کے منصوبوں میں سیاسی وابستگیوں کو بنیاد بنایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کے شعبے میں ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ علاقے کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی بے انتہا صلاحیت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ جہاں ایک طرف نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع اور دیگر معاشی فوائد حاصل کئے جا سکیں وہاں قدرتی حسن اور ماحولیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔