نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس کا قیام اہم ہے،معاون خصوصی محمد عثمان ڈار

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس کا قیام اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس کی تشکیل سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک میں نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اقدامات اور نوجوانوں کی رہنمائی …

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس کا قیام اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس کی تشکیل سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک میں نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اقدامات اور نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس کے قیام کے قواعد و ضوابط پر غور کیا گیا۔ یوتھ انڈکس کے قیام سے نوجوانوں سے متعلق اہم ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کا میاب جوان پروگرام موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد ملک میں نوجوانوں کی حقیقی ترقی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس حکومت اور ترقیاتی شراکت داروں کو ان کی سرگرمیوں کے اثرات تک رسائی کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ انڈکس کے قیام سے پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کیلئے ہماری سنجیدگی اور عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس سے نوجوانوں سے متعلق بنیادی سروے کے ذریعے ان کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں اورپہلوﺅں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی جب ایک بار ان پہلوﺅں کا تعین ہو جائے گا تو پھر ہم اپنے نوجوانوں کی ترقی کی ضروریات سے متعلق اپنی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس میں پاکستان کی خراب پوزیشن، سابق حکومتوں کی غیر سنجیدگی اور عدم دلچسپی کی عکاس ہے، ہم ملک میں یوتھ انڈکس کے بغیر موثر پالیسیوں کو کس طرح موثر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس سے صوبوں میں نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اقدامات کیلئے مثبت مقابلے کا رجحان پیدا ہو گا۔ یو این ڈی پی اور یو این ایف پی اے کے نمائندوں نے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس کے قیام میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا جس سے پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی کیلئے مزید سرگرمیوں کیلئے رہنمائی اور معاونت میں مدد ملے گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ شراکت داروں اور فریقوں کی جانب سے ابتدائی کام کے بعد مزید ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم آفس کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔