ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پکسے سے ملاقات

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سرکاری دورہ پر سری لنکا پہنچ گئے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پکسے سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ سری لنکن وزیراعظم نے سری لنکا کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی …

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سرکاری دورہ پر سری لنکا پہنچ گئے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پکسے سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ سری لنکن وزیراعظم نے سری لنکا کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے تکنیکی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے شعبوں میں مکمل مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے دونوں ممالک میں بالعموم اور فضائی افواج کے مابین بالخصوص دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا بھی اعادہ کیا۔ قبل ازیں ایئر چیف نے سری لنکن فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ایئر چیف کی آمد پر سری لنکن فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر ایئر مارشل سمنگلا دیاس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایئر چیف نے اپنے ہم منصب کو ایوی ایشن کے مختلف شعبوں میں تربیت اور مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے تعاون کی مخلصانہ پیشکش پر شکرےہ ادا کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کےلئے نئی جہتوں کو تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔