ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر مفاہمت کے فروغ کیلئے پارلیمانی سطح پر مل کر کام کرنے کیلئے ادارہ جاتی سطح پر تعاون کو مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا …

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر مفاہمت کے فروغ کیلئے پارلیمانی سطح پر مل کر کام کرنے کیلئے ادارہ جاتی سطح پر تعاون کو مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا کے ساتھ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بہت سارے معاملات پر پاکستان کے ساتھ تعاون کے حوالہ سے یکساں جذبات کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان اور یورپی پارلیمنٹ دونوں کو پارلیمانوں اور اراکین پارلیمنٹ کے مابین باہمی مفادات اور تعاون پر مبنی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے یورپی یونین کی سفیر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے جنہوں نے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاءکر دی ہے اور بھارت نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں خواتین، بچے اور جوان بینائی سے محروم ہو رہے ہیں اور پوری وادی محاصرے میں ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں پارلیمانوں کے درمیان وفود کی سطح پر مسلسل تبادلوں اور پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ باہمی اتحاد و یکجہتی کو پروان چڑھایا دیا جا سکے۔ سینیٹر مانڈوی والا نے یورپی یونین کے صدر کو مناسب وقت پر دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ یورپی یونین کی سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور مزید تعاون اور ادارہ جاتی رابطوں پر زور دیا۔