قومی ادویات پالیسی کا اجرا دو ہفتوں میں کر دیا جائے گا، ریگو لیٹری اتھارٹی کے نظام میں بھی اصلاحات لا رہے ہیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا فارما سمٹ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ قومی ادویات پالیسی کی تیاری آخری مراحل میں ہے، آئندہ دو ہفتوں کے اندر ہم اس پالیسی کا اجراء کریں گے، اس پالیسی پر عمل درآمد کے لئے پانچ سالہ ایکشن پلان دیں گے، ہم ریگو لیٹری اتھارٹی کے نظام میں بھی اصلاحات لا رہے ہیں۔ ان …

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ قومی ادویات پالیسی کی تیاری آخری مراحل میں ہے، آئندہ دو ہفتوں کے اندر ہم اس پالیسی کا اجراء کریں گے، اس پالیسی پر عمل درآمد کے لئے پانچ سالہ ایکشن پلان دیں گے، ہم ریگو لیٹری اتھارٹی کے نظام میں بھی اصلاحات لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو فارما سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزارت نے اپنی میڈیکل پالیسی تقریباً تیارکرلی ہے جسے آئندہ دو ہفتوں کے اندر لانچ کردیا جائے گاکمپنیوں کی طرف سے اپنی ادویات کو پروموٹ کرنے کی غیر اخلاقی پریکٹس کو روکنے کے لیے انفورسمینٹ کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فارما انڈسٹری کو اس قدر فروغ حاصل نہیں ہوا جس قدر ہونا چاہیے تھا ۔ ہمارے ہاں صحت کا شعبہ بہت مسائل کا شکار ہے ۔ فارماسیوٹیکل بزنس کرنے کے لیے بہت سی چیزوں کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ لوگوں کی سوچ بھی اس کاروبار میں اہمیت کی حامل ہے ۔ صحت کی شعبہ کی صورتحال کو دیکھتے اندازہ ہو جانا چاہیے کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو بہتر بنانے کے لیے کیا کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے بارے میں کہا جاتا کہ وہ بہت منافع کماتے اور دوائیاں مہنگی بچتے ہیں۔ ہمیں درمیانی راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نئی سوچ کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرادویہ ساز کمپنیاں عوام کا سوچیں گی تو حکومت فارماسیوٹیکل کمپنیوں بارے سوچے گی۔ کمپنیاں عوام کو سہولت دیں گی تو حکومت فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو سہولیات دے گی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ خود غرضی پر مبنی سوچ ہماری ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ہم نے اپنی نیشنل میڈیسن پالیسی مکمل کر لی ہے۔ ہم نے سوچ لیا کہ ہم نے پالیسیوں کا تعین ایسا کرنا کہ فارماسیوٹیکل کمپنیاں پاکستان میں پھلیں پھولیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں میں یہ پالیسی لانچ ہو جائے گی۔ ہم پھر پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پروگرام بھی لانچ کریں گے ۔ ہم پاکستان میں اس سسٹم کو آسان اور کرپشن سے پاک بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک ان مراحل سے گزرتا ہے، ہم بھی آہستہ آہستہ ترقی کی طرف جا رہے ہیں۔ کچھ عرصہ میں بہت سی تبدیلیاں آنا شروع ہو جائیںگی جو معاشرے کے لیے مثبت ثابت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کے مسائل کا ادراک ہے۔ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے تو ادویات کی عدم دستیابی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور اس حوالے سے کچھ دنوں میں اہم فیصلے ہونے جا رہے ہیں۔