تجارت کا پیشہ سنت نبوی ہے اور تاجر برادری کو اس پیشے کو ایک عبادت سمجھ کر کرنا چاہئے

اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ تجارت کا پیشہ سنت نبوی ہے اور تاجر برادری کو اس پیشے کو ایک عبادت سمجھ کر کرنا چاہئے، ملک کی معیشت میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور موجودہ حکومت تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے …

اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ تجارت کا پیشہ سنت نبوی ہے اور تاجر برادری کو اس پیشے کو ایک عبادت سمجھ کر کرنا چاہئے، ملک کی معیشت میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور موجودہ حکومت تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو انجمن تاجران موتی بازار بہارہ کہو کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ انجمن تاجران بہارہ کہو کی نو منتخب کابینہ تاجر برادری کی طرف سے ان پر کئے گئے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد نظریاتی ملک ہے اور موجودہ حکومت ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر چھپی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کریں جو ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور ناپ تول میں کمی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی بڑی نعمت ہے اس کے حصول کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ہمیں اس کی قدر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا اس وقت ہندوستان میں مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کے جو کچھ ہو رہا ہے اس نے قائداعظم محمد علی جناح کے دو قومی نظریے کو سچ ثابت کر دیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 18 ماہ کی مختصر مدت میں جو کام کئے ہیں وہ گزشتہ 72 سالوں میں نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں حکمرانوں نے غیر ضروری قرضے لے کر ملک کو مقروض کیا جس کا خمیازہ آج ہم بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی ذات یا اپنے خاندان کیلئے نہیں بلکہ اس ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہود کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ڈالر کی قیمت کو مصنوعی طور پر کم رکھنے کے لیے ملکی خزانے کے اربوں روپے خرچ کیے انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار نوٹ نہیں چھاپے جا رہے اور ڈالر کی مصنوعی قمیت کو برقرار رکھنے کے لئے قومی خزانے کا استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام صوابدیدی فنڈز ختم کر دیے ہیں اور کوئی بھی اپنی مرضی سے قومی فنڈ استعمال نہیں کر سکتا انہوں نے کہا قومی اسمبلی سکریٹریٹ میں وزیر اعظم کفایت شعاری مہم کو اپناتے ہوئے 64 کروڑ روپے کی بچت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا بل قائمہ کمیٹی سے منظور ہو چکا ہے اور جلد قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور احساس پروگرام میں عوام کے فلاح و بہبود کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضے فراہم کیے جا رہے اور ذخیرہ اندوزی اورمصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے فرینچائز بنیادوں پر یوٹیلیٹی سٹورز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ اس صنعت سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کے تشخص کو بہتر کیا ہے اور پاکستان پر سے دہشت گردی کا دھبہ دھونے میں کامیاب ہوئے ہیں جس کا نتیجہ ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار امریکی صدر بھارت میں پاکستان کی تعریف کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے حکومتی پالیسوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کے بل کی جلد منظوری کا کہا۔

مزید خبریں