وزارت ریلوے اور سندھ حکومت ایک صفحہ پر ہیں’ ہم نے کسی جائز گھر کو نہیں گرایا، وفاقی وزیر شیخ رشید احمد

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) وزارت ریلوے کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کو چھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ' وزارت ریلوے اور سندھ حکومت ایک صفحہ پر ہیں' ہم نے کسی جائز گھر کو نہیں گرایا' چار کلو میٹر کے علاقے میں صرف پچاس فٹ جگہ واگزار کرانا چاہتے ہیں' کراچی سرکلر …

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) وزارت ریلوے کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کو چھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ‘ وزارت ریلوے اور سندھ حکومت ایک صفحہ پر ہیں’ ہم نے کسی جائز گھر کو نہیں گرایا’ چار کلو میٹر کے علاقے میں صرف پچاس فٹ جگہ واگزار کرانا چاہتے ہیں’ کراچی سرکلر ریلوے کو سندھ حکومت کے ساتھ مل کر چھ ماہ میں مکمل کریں گے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمس النساء کے سوال کے جواب میں وزارت ریلوے کے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا کہ کوئی بھی حادثات اور انسانی جانوں کا ضیاع نہیں چاہتا’ ریلوے کا نظام 1857 کا ہے۔ ہم اسے بہتر بنانے کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کو دو رویہ کرنے کے ساتھ حفاظتی باڑ لگائی جائے گی جن لوگوں کا جانی ضیاع ہوا انہیں زر اعانت ادا کردی گئی ہے۔ ہم ریلوے کے ریونیو سمیت سارے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حادثات پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حادثات ہوتے رہے ہیں۔ ہم کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہتے ہیں تاہم آئندہ حادثات کے سدباب کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اقبال محمد علی خان کے کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ کے سی آر جلد از جلد مکمل کیا جائے مگر زمین واگزار کرانے کے خلاف ساری پارٹیاں اکٹھی ہوگئی ہیں۔ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ برجز اور انڈر پاس چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔ یہ ذمہ داری سندھ حکومت کو سونپی گئی ہے۔ ہمیں ٹرین چلانے کا حکم ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین نے ماضی میں سستی زمین خریدی ہے۔ سندھ حکومت اور ہم ایک صفحہ پر ہیں۔ ہمیں مالی مشکلات ہیں’ زمین دینے کے لئے تیار ہیں۔ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی سرکلر ریلوے کو مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چار کلو میٹر کے علاقے میں گھر خالی کرانے کے لئے کسی جائز گھر کو نہیں گرایا گیا۔ ہم صرف 50 فٹ جگہ واگزار کرانا چاہتے ہیں۔