یہ سیاسی پوائنٹ اسکورننگ کا نہیں،متحد ہونے کا وقت ہے، وزیر اعظم عمران خان بحرانوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، وہ صوبائی حکومتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں اور ملک سے وائرس کے خاتمے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ یہ سیاسی پوائنٹ اسکورننگ کا نہیں بلکہ متحد ہونے کا وقت ہے، وزیر اعظم عمران خان بحرانوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، وہ صوبائی حکومتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں اور ملک سے وائرس کے خاتمے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، امید ہے کہ وہ اس …

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ یہ سیاسی پوائنٹ اسکورننگ کا نہیں بلکہ متحد ہونے کا وقت ہے، وزیر اعظم عمران خان بحرانوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، وہ صوبائی حکومتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں اور ملک سے وائرس کے خاتمے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، امید ہے کہ وہ اس چیلنج سے بھی کامیابی کے ساتھ سرخرو ہوں گے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک یا حکومت اکیلے اس وباء سے نہیں نمٹ سکتی، وفاق اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ علی محمد خان نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ لوگوں کے کاروبار متاثر ہوں اور ملک میں انارکی پھیلے اسلئے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جا رہے ہیں اور کابینہ کے اگلے اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے وزرائے صحت ایک پلیٹ فارم پر ہیں اور وہ ملک میں وائرس کی روک تھام کیلئے مشترکہ طور پر کوششیں کر رہے ہیں، چاروں صوبے صورتحال کو دیکھ کر اقدام اٹھا رہے ہیں، ملک میں وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں جزوی طور پر لاک ڈائون کیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر ملک کو لاک ڈائون کیا جائے گا۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور نے کہا کہ ملک میں وائرس کی روک تھام کیلئے واحد راستہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور وائرس کے ایک سے دوسرے شخص تک منتقلی کو روکنا ہے اور اس کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے جس پرانہوں نے اتفاق کیا ہے۔