ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی گورنرسندھ اور بزنس کمیونٹی سے ویڈیو کانفرنس اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے یقین دلایا ہے کہ حکومت تاجر برادری اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے، بحران کے دور میں معیشت کو چلانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کویہاں گورنرسندھ عمران اسماعیل اورکراچی کی بزنس کمیونٹی سے ویڈیو کانفرنس کے زریعے اجلاس میں …

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے یقین دلایا ہے کہ حکومت تاجر برادری اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے، بحران کے دور میں معیشت کو چلانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کویہاں گورنرسندھ عمران اسماعیل اورکراچی کی بزنس کمیونٹی سے ویڈیو کانفرنس کے زریعے اجلاس میں کہی ۔وزیراعظم کے مشیر تجارت، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات اورمشیر پیٹرولیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد میں گارمنٹس اورٹیکسٹائل سیکٹر، ادویہ سازی، پاکستان سٹاک ایکسچینج اورہوٹل انڈسڑی کے نمائندے شامل تھے۔ بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے وزیراعظم کے مشیر کو بحران کے اس دور میں درپیش مسائل اور حکومت کی طرف سے معاونت کے ضمن میں تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو تین مہینوں تک انہیں اپنے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کارکنوں کا خیال رکھنا ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں کاروبار چلانے کے لئے بھی معاونت درکار ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کو درپیش چیلنجز اور اس صورتحال میں حکومت نے تین چیزوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے اورکورونا وائرس کو محدود کرنا چاہتی ہے، اس کے ساتھ عوام کو صحت عامہ کی سہولیات، مناسب قیمت پر ضروری اشیاء خورد و نوش کی فراہمی اور تاجر برادری کو معاونت فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ اس بحرانی دور میں عوام کے پاس مناسب نقد رقم اور تاجر برادری کو کاروبار چلانے میں آسانی ہو تاکہ وباء کے دنوں میں معیشت کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ہم نے تجاویز طلب کی ہیں اور ان پر کام ہو رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ ایک ایسا منصوبہ بنائیں گے جو قابل عمل ہو گا اور جس سے ہم اپنے اہداف حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور تاجر برادری کو یقین ہونا چاہیے کہ حکومت ان کے ساتھ ہے اور ان کی معاونت جاری رکھے گی۔ تاجر برادری کی درخواست پر سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں کراچی سٹاک ایکس چینج میں کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے وزارت داخلہ سندھ کو تجاویز دیدی ہیں۔ خوراک کی صنعت کو بدستور کھلا رکھا جائے گا تاکہ کاروبار معمول کے مطابق چلتا رہے اور جہاں بھی کوئی مشکل پیش آئے گی، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کاروبار چلانے اور تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ گورنر سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے تعاون سے اشیاء خوراک پر مشتمل تھیلے تیار کئے گئے ہیں جسے ضرورتمندوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے ضرورت پڑنے پر اپنی مکمل معاونت کا یقین بھی دلایا۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ تاجر برادری کو یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بحران کے اس دور میں ان کی امداد ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔