وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس (کووڈ 19) کی روک تھام کے لئے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے دورہ

اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ضروری اشیاءکی دستیابی اور فراہمی کو برقرار رکھنے کے معاملے پر کوئی سمئجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروںکو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کورونا وائرس (کووڈ 19) کی روک تھام کے لئے قائم نیشلن کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) …

اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ضروری اشیاءکی دستیابی اور فراہمی کو برقرار رکھنے کے معاملے پر کوئی سمئجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروںکو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کورونا وائرس (کووڈ 19) کی روک تھام کے لئے قائم نیشلن کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور این سی او سی کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز و پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے وزیراعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، اب تک کئے جانے والے اقدامات اور وائرس کی روک تھام کے لئے آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر اقتصادی امور محمد حماد اظہر، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی بریفنگ میں موجود تھے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے قومی کاوشوں کو مربوط بنانے اور قومی رابطہ کمیٹی برائے کووڈ 19 کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے بنیادی مرکز کا کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ سینٹر تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت کے نمائندوں اور اداروں کے ذریعے ملک بھر میں ڈیجیٹل اعداد و شمار اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر معلومات کا جائزہ لینے، ان کا تجزیہ کرنے اور اس حوالے سے اقدامات کرنے، صحت اور فنانس سمیت تمام معلومات اور اعداد و شمار کی بنیاد پر سفارشات وزیراعظم کی سربراہی میں قائم قومی رابطہ کمیٹی کو حقیقی پیش بندی اور بروقت مداخلت کے لئے بھجوانے کے حوالے سے ون ونڈو آپریشن کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے این سی او سی کو ہدایت کی کہ کووڈ 19 کی صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے اقدامات تجویز کرنے کے سلسلے میں صحت کے انتظام، مالیاتی اثرات، سماجی، اقتصادی و غذائی تحفظ، سٹریٹجک رابطے اور شعور بیدار کرنے پر توجہ مرکوز رکھے۔ وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام اور اب تک این سی او سی کی طرف سے پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے این سی او سی کے ذریعے فیصلوں کے موثر نفاذ کے حوالے سے بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کو دہرایا کہ ہمیں ملک بھر میں ضروری غذائی اشیاءکی دستیابی اور فراہمی برقرار رکھنے کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں کوششوں کی ترجیحات متعین کرنے اور وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت باقاعدگی اور بروقت اجلاسوں کے انعقاد کے ذریعے این این سی او سی کے فیصلوں کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

مزید خبریں