احساس کیش پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا امدادی پیکیج ہے ، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کیلئے 12000 روپے فی خاندان دیئے جائیں گے ، ایک خاندان میں صرف ایک شخص امداد کا اہل ہو گا، سرکاری ملازمین اور اپنی گاڑی رکھنے والے اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے اہل نہیں ہیں،حکام احساس پروگرام

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اے پی پی) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شرکت کیلئے شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیج کر فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔متعلقہ حکام کے مطابق احساس کیش پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا امدادی پیکیج ہے جس کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کیلئے 12000 روپے فی خاندان دیئے جائیں گے اور ایک خاندان میں صرف ایک شخص امداد کا اہل ہو …

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اے پی پی) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شرکت کیلئے شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیج کر فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔متعلقہ حکام کے مطابق احساس کیش پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا امدادی پیکیج ہے جس کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کیلئے 12000 روپے فی خاندان دیئے جائیں گے اور ایک خاندان میں صرف ایک شخص امداد کا اہل ہو گا۔ سرکاری ملازمین اور اپنی گاڑی رکھنے والے اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے اہل نہیں ہیں۔ پروگرام کے تحت رقوم کی ادائیگی کے مرکز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کا ہجوم نہ ہو۔ ایک مرتبہ دی جانے والی یہ امداد ان افراد کیلئے ہے جن کی معاشی حالات کورونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے تاکہ وہ اپنے گھر والوں کیلئے راشن خرید سکیں، یہ پروگرام انتہائی ضرورت مندوں کیلئے ہے۔ اس ضمن میں کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو ٹول فری نمبر080026477 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ میسج میں اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کر8171 پر بھیج کر اس پروگرام سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے احساس ا یمرجنسی کیش پروگرام پر عمل تیزی سے جاری ہے۔ پروگرام سے چاروں صوبوں کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے افراد مستفید ہوں گے۔ احساس کفالت پروگرام والی خواتین کو بھی چار ماہ کیلئے 12 ہزار روپے یکمشت ادا کئے جائیں گے۔ ہنگامی کیش پروگرام کیلئے آبادی کے لحاظ سے رقم مختص کی گئی ہے کیونکہ اس میں گلگت بلتستان اور کشمیر بھی شامل ہیں۔ صوبے اپنے بجٹ میں بھی مستحق افراد کی مدد کریں گے۔ صوبہ پنجاب 7 لاکھ اور سندھ اڑھائی لاکھ لوگوں کو پیسے اپنے بجٹ سے دے گا۔اس کے علاوہ ضلعی سطح پر ضرورت مند افراد کی فہرست مرتب کی جارہی ہے۔زیادہ درخواستوں کی صورت میں پروگرام میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ہنگامی کیش پروگرام کی جانچ پڑتال کا مؤثر طریقہ اپنایا ہے اور اس سارے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی معاونت سے ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایف بی آر اور دیگر اداروں سے بھی معاونت لی گئی ہے۔ ہنگامی کیش کیلئے شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیجنا ہے اور اس کے ذریعہ مردوں کے نام پر رقم جاری کی جائے گی۔ پروگرام کیلئے لاکھوں لوگوں کے ایس ایم ایس موصول ہو رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلیف مہم چلا رہی ہے۔ پروگرام کے لئے 144 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مستحق افراد کو بائیو میٹرک شناخت کے بعد رقم فراہم کی جائے گی اور اس کیلئے سیل پوائنٹس مقرر کئے جا رہے ہیں۔ نادرا اور شراکتی بینکوں کے تعاون سے تمام ادائیگیاں بائیو میٹرک تصدیق پر مبنی نظام کے ذریعے کی جائیں گی اور مستحقین شراکتی بینکوں کے پوائنٹ آف سیل مراکز اور اے ٹی ا یم مشینوں سے اپنی رقم وصول کر سکیں گے۔ ملک بھر کے عوام نے پروگرام کو بے حد سراہا ہے۔اور امید ظاہر کی ہے اس پروگرام سے مستحق افراد کو فائدہ پہنچے گا اور وہ اپنی ضرورت کا راشن خرید سکیں گے۔