وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اجلاس، بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، معاون …

اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈاکٹر معید یوسف، سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان، اسپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان، سیکرٹری ہوا بازی ڈویژن حسن ناصر جامی، ترجمان وزارت خارجہ عائشہ فاروقی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال، ٹیسٹنگ کی سہولت اور کوارنٹائین انتظامات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔اجلاس میں وزارت صحت، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اورسیز ڈویژن، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے موصول ہونیوالی تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی ہے۔ وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ایئرپورٹس پر کورونا پازیٹو کیسز کیلئے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں جس وجہ سے بھی پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔