چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی ملاقات، چین میں پھنسے باجوڑ کے تاجروں کی وطن واپسی کے اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ نے ملاقات کی۔سینیٹر ہدایت اللہ نے ملاقات میں قبائلی ضلع باجوڑ میں کورو نا وائرس کی روک تھام ، عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے کافی بزنس مین چین میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے چیئرمین سینیٹ …

اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ نے ملاقات کی۔سینیٹر ہدایت اللہ نے ملاقات میں قبائلی ضلع باجوڑ میں کورو نا وائرس کی روک تھام ، عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے کافی بزنس مین چین میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے چیئرمین سینیٹ سے کہا ہے کہ حکومت باجوڑ کے تاجروں کی چین سے واپسی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔تاجروں کے اہل خانہ پریشانی کا شکار ہیں جبکہ علاقے کے عوام کو لاک ڈاؤن کے باعث مسائل کا سامنا ہے اوربزنس کمیونٹی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ باجوڑ کی تاجر برادری کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔رمضان کے مہینے میں بے روزگار اور مزدور طبقے کو سہارا دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پرچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ باجوڑ کے لوگ محنتی اور جفاکش ہیں ان کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔کورونا وائرس کے باعث عالم سطح پر غیر معمولی صورت حال درپیش ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے تاجروں کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے انہیں وطن واپس لایا جا سکتا ہے۔ چئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانی کو خط لکھا ہے کہ چین میں پھنسے باجوڑ کے تاجروں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی اور ان کی وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔