صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان کی وفاقی وزیر سید فخر امام سے ملاقات ،کشمیر کمیٹی کے سابق چیئرمین کی حیثیت سے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی شاندار وکالت کرنے پر اْن کا شکریہ ادا کیا

اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق سید فخر امام سے ملاقات کر کے کشمیر کمیٹی کے سابق چیئرمین کی حیثیت سے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی شاندار وکالت کرنے پر اْن کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید فخر امام نے …

اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق سید فخر امام سے ملاقات کر کے کشمیر کمیٹی کے سابق چیئرمین کی حیثیت سے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی شاندار وکالت کرنے پر اْن کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید فخر امام نے کہا کہ اْن کی وزارت کورونا وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال میں خوراک کی ترسیل میں آزاد کشمیر کے عوام کا خصوصی خیال رکھے گی اور ہماری کوشش ہو گی کہ اس وباء کے دوران آزاد کشمیر میں گندم یا خوراک کی کسی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔ وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک نے کہا کہ وہ سفارتی کوششوں سے دنیا کی پارلیمانی کمیونٹی پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم بند کرانے کی ضرورت پر زور دیتے رہیں گے اور اس اہم قومی فریضہ کی انجام دہی میں کسی قسم کی تساہل یا غفلت نہیں برتی جائے گی۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو ایک منظم مہم کے تحت قتل کرنے، لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور نئے ڈومیسائل قوانین نافذ کر کے کشمیریوں کی زمین اور اْن کی ملازمت کے حقوق چھیننے کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی مخدوش ہو چکی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف یہ تمام جرائم بلا روک ٹوک جاری ہیں۔ بھارتیہ جنتا پار ٹی اور راشٹریہ سوام سیوک سنگھ باہم ملی بھگت سے کورونا وائرس کی وبا کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کا سلسلہ دراز کرنے میں مصروف ہیں اور یہاں تک کہ کورونا وائرس کی وبا کا شکار شہریوں کو علاج معالجہ کی ضروری سہولتیں بھی نہیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے حفاظتی ساز و سامان، ٹیسٹنگ کی سہولتیں، فیس ماسک اورسینی ٹائرزر تک دستیاب نہیں جو ہمارے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر کی پولیس کا احمق سربراہ یہ جھوٹا الزام لگا رہا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر سے کورونا کے مریضوں کو مقبوضہ کشمیر میں داخل کیا جا رہا ہے۔یہ ایک بیہودہ الزام ہے جس کی کوئی بنیاد یا شواہد نہیں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے قابض حکام ان جھوٹے اور بے بنیاد الزمات کا سہارا لے کر اپنے جرائم چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ کوئی بھی ذی شعور شخص ان الزامات پر یقین کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر کو حکومت آزاد کشمیر کی اْن کوششوں سے بھی آگاہ کیا جو وہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کر رہی ہے۔