اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتح سیسی سے جمعرات کو یہاں ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں مصر کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا اور کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے مصر کے موثر اقدامات کو سراہا۔ جمعرات کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری …
وزیراعظم عمران خان کی مصر کے صدر عبدالفتح سیسی سے ٹیلیفون پر بات چیت،کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں مصر کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتح سیسی سے جمعرات کو یہاں ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں مصر کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا اور کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے مصر کے موثر اقدامات کو سراہا۔ جمعرات کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے مصر کے صدر کے ساتھ گفتگو کے دوران مکہ میں او آئی سی سربراہ کانفرنس اور 2019ءمیں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی اپنی قومی حکمت عملی اور ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضوں میں ریلیف سے متعلق عالمی اقدام کے لئے وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے صدر عبدالفتح سیسی کو موثر قومی حکمت عملی پر عمل درآمد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کورونا وائرس سے لوگوں کی جانیں بچانے اور اقتصادی مشکلات سے معاشرے کے غریب ترین طبقات کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق پاکستان کی حکمت عملی کے اہم نکات پر بھی روشنی ڈالی۔ قرضوں سے متعلق وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ قرضوں کی معطلی سے ترقی پذیر ممالک کو اپنے وسائل، صحت اور معیشت کے عالمی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی جہاں پر لوگوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے موت یا بھوک کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کی بحالی کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ مصر کے صدر نے قرضوں میں ریلیف کے لئے وزیراعظم کے اقدام کی حمایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اس عالمی وباءکو معیشت کی بحالی کے لئے ایک موقع میں بدلنے کے لئے جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہونے کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے مصر کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کا پھر اعادہ کیا۔








