مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی زیر صدارت آئی ووٹنگ کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آن لائن ووٹنگ کے مرحلے کو سادہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پورٹ ایبل ڈیجیٹل ڈیوائسز کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔زلفی بخاری نے یہ …

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آن لائن ووٹنگ کے مرحلے کو سادہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پورٹ ایبل ڈیجیٹل ڈیوائسز کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔زلفی بخاری نے یہ بات آئی ووٹنگ کے حوالے سے منعقد ہونیوالے اجلاس کے دوران کہی جس کی صدارت وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کی ۔اس اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے حکام نے بھی شرکت کی ۔ وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں گزشتہ میٹنگ کے منٹس کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ نادرا حکام نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آئی ووٹنگ پراجیکٹ کے حوالے سے میٹنگ کے شرکاءکو بریفنگ دی ۔ یہ اس ماہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے دوسری میٹنگ تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت آنیوالے الیکشن میں اوورسیز پاکستانیوں کو انٹر نیٹ ووٹنگ کا حق دینے کیلئے عملی اقدامات میں سنجیدہ ہے ۔ گزشتہ میٹنگ میں تجویز دی گئی تھی کہ اوورسیز پاکستانیز پاسپورٹ اور نائیکوپ کے ذریعے اوورسیز ووٹنگ کے لیے رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں ۔اس حوالے سے اب الیکشن کمیشن اور نادرا کو ہدایت کی گئی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خفیہ ووٹنگ کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر کام کریں ۔