وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر بننے پر مبارکباد

اسلام آباد ۔ 21 جون (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی) کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ نہ صرف خطے بلکہ پاکستان میں بھی تجارت اور صنعت کے فروغ کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار …

اسلام آباد ۔ 21 جون (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی) کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ نہ صرف خطے بلکہ پاکستان میں بھی تجارت اور صنعت کے فروغ کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو افتخار ملک کے نام ایک تہنیتی خط میں کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افتخار علی ملک ایک تجربہ کار تاجر ہیں اور وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربات سے سارک کے تمام ممالک کو مزید قریب لانے اور تجارت بڑھانے میں ان کی مدد کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام رکن ممالک اور شراکت داروں کیساتھ تعاون بڑھانے کے لئے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تجویز پیش کی ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف کے ذریعے موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے سہولیات فراہم کرسکتے ہیں تاکہ وہ اپنی معیشتوں پر وبائی امراض کے اثرات کو کم کرنے اور غریب عوام کو موثر ریلیف فراہم کرنے کے لئے محدود وسائل بروئے کار لاسکیں۔ انہوں نے کہا اس وقت جنوبی ایشین ممالک میں 20،000 ٹیسٹ یومیہ کیساتھ پاکستان کی کورون وائرس ٹیسٹنگ صلاحیت سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ وزیر خارجہ نے خطے میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے نئے تجارتی مراکز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔