سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا عبد الستار ایدھی کی چوتھی برسی کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے کا نام ہمیشہ زندہ و جاوید رہتا ہے، اس عظیم مقصد میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انسانیت کی خدمت سے انسان کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور قرب حاصل ہوتا ہے جس کے ذریعے انسان دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوتا ہے۔ ان …

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے کا نام ہمیشہ زندہ و جاوید رہتا ہے، اس عظیم مقصد میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انسانیت کی خدمت سے انسان کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور قرب حاصل ہوتا ہے جس کے ذریعے انسان دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبد الستار ایدھی کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا جو 8جولائی کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اسد قیصر نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کی زندگی ہم سب کے لیے عملی نمونہ ہے، انہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کی فلاح کے لیے وقف کر کے اپنے آپ کو پوری انسانیت کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہمارا دینی، اخلاقی اور قومی فریضہ ہے اور اللہ تعالٰی خدمت خلق کو بہت پسند کرتے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پسماندہ طبقات اور بےسہارا لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ملک کے مختلف صوبوں میں ماڈل ویلجز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں غریب اور بے سہارا افراد کے لیے رہائش سمیت ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے حال ہی میں احساس پروگرام کا آغاذ کیا ہے جس سے غریب اور بے سہارا افراد کو مدد ملے گی۔ سپیکر نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کی زندگی کو اپنا کر ہم ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں۔ سپیکر نے مزید کہا کہ ملک اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو کورونا وائرس جیسی عالمی وباءکا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے عبد الستار ایدھی کے نقش قدم پر چل کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے میں سر گرم عمل ہے۔ سپیکر نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم سب کو چاہیے کہ اس کار خیر میں بھرپور حصہ لیں اور ملک کو اس درپیش چیلنج سے نکالنا ہو گا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اور ان کے رہنما اصولوں پر چل کر ہم مصیبت زدہ انسانوں کے لیے ایک مسیحا کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کی انسانیت کی فلاح کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید خبریں