وفاقی وزیر سیّد امین الحق سے وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور کی ملاقات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ اور موبائل فون نیٹ ورکس سے متعلق مشکلات سے آگاہ کیا

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ کے مسائل کے حوالہ سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق سے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے پیر کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علی امین …

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ کے مسائل کے حوالہ سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق سے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے پیر کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علی امین گنڈاپور نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے رہائشی افراد کو انٹرنیٹ اور موبائل فون نیٹ ورکس سے متعلق مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سیّد امین الحق نے بتایا کہ وزرات آئی ٹی محدود فنڈز کے باوجود ملک کے دیگر حصوں کی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کیلئے بھرپور کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جس کے بعد علاقے کے لوگوں کے مسائل دور ہوجائیں گے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں 92 کمیونیکیشن ٹاورز کو 2 جی سے 4 جی ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جارہا ہے اسی طرح شاہراہ قراقرم پر 65 ٹاورز کی تنصیب کی جا رہی ہے جس کے بعد اطراف کے علاقوں میں نیٹ ورکنگ کے مسائل دور ہو جائیں گے۔ سیّد امین الحق نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں گلگت بلتستان میں آئی ٹی پارک اور کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کر دیا جائے گا جو علاقے کے لوگوں کو ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کردے گا۔ اس موقع پر وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے وزارت آئی ٹی کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منفی پروپیگنڈے اور مفروضوں کے خاتمے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی جبکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے درکار فنڈز کیلئے وفاق سے بھی بات کی جائے گی۔ امین گنڈاپور نے اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات کے دوران اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان نے بتایا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کسی بھی موبائل فون کمپنی کو کام کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ہم نے اپنی فائبر آپٹک کے ذریعے مقامی ریٹس پر کمپنیوں کو منسلک ہونے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں کے حوالے سے پروپیگنڈہ جاری ہے اور اسی مذموم منصوبے کے تحت کچھ عناصر ان علاقوں میں ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ کے حوالے سے منفی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

مزید خبریں