اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 9 اگست کو شجرکاری مہم کے دوران ریکارڈ دس لاکھ درخت لگائے جائیں گے، ارکان پارلیمنٹ، نوجوانوں اور تمام پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لینا چاہئے، مسلم لیگ (ن) کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں کہ موجودہ دور حکومت میں کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر …
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کیلئے تیار کردہ موبائل ایپ کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 9 اگست کو شجرکاری مہم کے دوران ریکارڈ دس لاکھ درخت لگائے جائیں گے، ارکان پارلیمنٹ، نوجوانوں اور تمام پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لینا چاہئے، مسلم لیگ (ن) کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں کہ موجودہ دور حکومت میں کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے جبکہ ماضی میں من پسند افراد کو لیپ ٹاپس اور قرضے دیئے جاتے تھے، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے ہر اقدام پر تنقید کرتی ہے لیکن دنیا ان کے اقدامات کا اعتراف کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے وزیراعظم ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کیلئے تیار کردہ موبائل ایپ کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ کے ذریعے نوجوان رضا کار وزیراعظم ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہو سکیں گے، رضاکار اس ایپ کے ذریعے کورونا سے بچائو کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشاندہی کر سکیں گے جبکہ اس میں گرین سیلفی کا فیچر بھی موجود ہے، وہ پودا لگا کر اس میں اپنی تصویر بھی بھیج سکیں گے، شجرکاری مہم میں ریکارڈ درخت لگانے کیلئے ٹائیگر فورس کو شامل کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے ایک دن میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کا ریکارڈ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس دن بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کی جائے گی، 9 اگست کو وزیراعظم کی قیادت میں ریکارڈ شجرکاری کی جائے گی، ایک دن میں سب سے زیادہ 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، خیبرپختونخوا حکومت نے 5 لاکھ درخت لگانے کی ذمہ داری لے لی ہے، پہلے بھی خیبرپختونخوا حکومت ایک ارب درخت لگانے کا سنگ میل عبور کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان براہ راست شجرکاری مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائیت اور سیاست سے بالاتر ہو کر نوجوان اس قومی مہم میں حصہ لیں، وزیراعظم عمران خان خود رضا کاروں کے ساتھ مل کر مہم میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ سندھ کے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کی خدمات حاصل کرنے کے حوالہ سے اپنے فیصلہ پر نظرثانی کریں، صوبہ سندھ سے ایک لاکھ 54 ہزار ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے رجسٹریشن کرائی ہے تاہم سندھ حکومت نے ان کی خدمات حاصل نہیں کیں، گورنر سندھ نے احساس کیش سنٹرز اور یوٹیلٹی سٹورز پر ان کی خدمات سے استفادہ کیا ہے، اگر سندھ حکومت ان رضاکاروں کی خدمات حاصل کرتی تو آج کراچی کی جو صورتحال ہے اس میں ٹائیگر فورس کے رضاکار معاونت کر رہے ہوتے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ بھی سرسبز ہو۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شروع سے ہی ٹائیگر فورس کی مخالفت کر رہی ہے اور کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال اور دیگر اپوزیشن کے رہنما سوال کرتے تھے کہ ٹائیگر فورس کہاں ہے، ان کے ہوم گراؤنڈ نارووال میں ٹائیگر فورس کا سب سے بڑا کنونشن ہوا لیکن وہ بلانے کے باوجود اس میں نہیں آئے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن کو جب وزیراعظم عمران خان پر تنقید کیلئے کچھ نہیں مل رہا تو ٹائیگر فورس پر تنقید شروع کر دیتی ہے، دور اندیشی سے عاری لیگی رہنماؤں کے بیانات مضحکہ خیز اور مایوس کن ہیں، 10 لاکھ نوجوانوں کا جذبہ آپ کی سوچ اور بیانات سے بہت اوپر ہے، لیگی رہنما بھی دل بڑا کرتے ہوئے نوجوان رضا کاروں کی حوصلہ افزائی کریں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ سیالکوٹ میں خواجہ آصف کو ٹائیگر فورس کی قیادت کیلئے کہا لیکن وہ بھی سامنے نہیں آئے اور صرف اس کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ نوجوانوں نے بلامعاوضہ قومی خدمت کیلئے اپنی خدمات پیش کی ہیں، ان کیلئے ماسک، جیکٹس وغیرہ کیلئے ٹیکس دہندگان کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا بلکہ مخیر حضرات نے ان چیزوں کی فراہمی میں مدد کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے رضاکار فورس کو انتظامیہ کی ہدایت پر تعینات کیا جاتا تھا لیکن نوجوان جو شکایت ضلعی انتظامیہ کو بھیجتے تھے اس کے بارے میں معلوم نہیں ہوتا تھا کہ اس پر کتنا عمل ہوا ہے لیکن اس ایپ کے ذریعے ان کی شکایات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جا سکے گا۔ انہوں نے اپوزیشن کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے جبکہ ماضی میں من پسند افراد کو لیپ ٹاپس اور قرضے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ماسک پہن کر لیپ ٹاپ پر پریس کانفرنس کرتے رہے، جب وہ گھر میں چھپ کر بیٹھے تھے تو اس وقت ٹائیگر فورس کے رضاکار عوامی خدمت میں مصروف تھے، اپوزیشن کے رہنمائوں نے کورونا کے دوران کسی ایک بھی ہسپتال کا دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے ہر اقدام پر تنقید کرتی ہے لیکن دنیا ان کے اقدامات کا اعتراف کر رہی ہے۔








