وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی خواہشات کے مطابق نیب قوانین میں ترامیم کر کے اسے غیرفعال بنانا چاہتی ہیں، اپوزیشن کا بدعنوانی کے مقدمات سے فرار ہونے اور احتساب کے ادارے کو ختم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکے گا اسلئے وہ طویل عرصے سے چیخ و پکار کر رہی ہیں، موجودہ حکومت …

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی خواہشات کے مطابق نیب قوانین میں ترامیم کر کے اسے غیرفعال بنانا چاہتی ہیں، اپوزیشن کا بدعنوانی کے مقدمات سے فرار ہونے اور احتساب کے ادارے کو ختم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکے گا اسلئے وہ طویل عرصے سے چیخ و پکار کر رہی ہیں، موجودہ حکومت بلاتفریق احتساب پر یقینی رکھتی ہے اور احتساب کے عمل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے ادوار کے دوران نیب قوانین میں ترامیم نہیں کیں، اب جب نیب دونوں جماعتوں کے قائدین اور رہنماﺅں کے خلاف بدعنوانی کیسز کی تحقیقات کر رہا تو وہ چاہتی ہیں کہ اس ادارے کو بند کر دیا جائے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حکومت نے اس معاملے پر قانون سازی کیلئے سیاسی جماعتوں خصوصاً پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز کو مدعو کیا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ پر آئے، اپوزیشن کو چاہیے کہ ملکی مفاد میں ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر قانون سازی کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔