اسلام آباد ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے وطن واپس آ جانا چاہئے اور خود کو قانونی تقاضوں کے تحت عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہئے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے …
نوازشریف کو عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے وطن واپس آ کر خود کو قانونی تقاضوں کے تحت عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہیے، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے وطن واپس آ جانا چاہئے اور خود کو قانونی تقاضوں کے تحت عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہئے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نوازشریف کے ضمانتی تھے اس لئے عدالت اس حوالے سے بھی فیصلہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنا علاج کرائیں یا وطن واپس آئیں کیونکہ وہ غیر معینہ مدت کیلئے وطن سے باہر نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے عدالت کو اپنے علاج معالجہ کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے کراچی کے دورہ کے دوران آصف علی زرداری سے ملاقات میں بات کی ہے کہ کس طرح سیاست اور دولت کو بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نیب کے ادارے کو دفن کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو کی جماعتیں ملک میں تبدیلی نہیں چاہتیں اور باریوں کی بنیاد پر اقتدار کا حصول چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کو آڈٹ شدہ اکائونٹس فارن فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ جنوری 2020ء میں پی ٹی آئی نے درخواست کی تھی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے تحت ایسے اکائونٹس کی تفصیلات جمع کرانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے حسابات کی تفصیلات جمع کرانی چاہئیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وفاقی جماعت ہے کیونکہ پورے ملک سے ہمیں مینڈیٹ حاصل ہے۔ تمام جماعتوں کو پی ٹی آئی کی تقلید کرتے ہوئے آئین کا احترام کرنا چاہیے۔








