عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرانے کے بھارتی مذموم منصوبوں کا فوری نوٹس لے،وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرانے کے بھارتی مذموم منصوبوں کا فوری نوٹس لے۔ بھارت ایک منظم منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل طرز کی پالیسیز کو فروغ دے رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی عناصر کو آباد کیا …

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرانے کے بھارتی مذموم منصوبوں کا فوری نوٹس لے۔ بھارت ایک منظم منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل طرز کی پالیسیز کو فروغ دے رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی عناصر کو آباد کیا جا رہا ہے۔ پچھلے چند عرصے میں مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں بھارتیوں کو شہریت دی گئی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بھارت کے حق میں کیا جا سکے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی عناصر کو آباد کرنے کا سلسلہ بے دریغ جاری ہے تو دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو آئے روز نام نہاد مقابلوں اور سرچ آپریشنز میں شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا کہ جب مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تشدد اور تضحیک کا نشانہ نہ بنایا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج دنیا کی سب سے بڑی جیل میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے پچھلے 70 سال سے اپنے حق خودارادیت کے لئے لازوال عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ 8 لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی کے باوجود پاکستان سے اپنی وابستگی کا جس انداز سے اظہار کرتے ہیں اس پر پوری پاکستانی قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے اور وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے وکیل اور سفیر کے طور پر مسئلہ کشمیر کودنیا کے تمام اہم فورمز پر اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ہندو انتہا پسندی کی جو پالیسیز اپنا رکھیں ہیں وہ خطے کے امن و سلامتی کے حوالے سے انتہائی خطرناک ہیںاور بھارتی ہندو انتہا پسند پالیسیز کے باعث آج بھارت کے تعلقات تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ کشیدہ ہو چکے ہیں اور خطہ مسلسل عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کو انتہا پسند اقدامات سے باز رکھنے کے لئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے اور بھارت کے خلاف عالمی پابندیوں کا اطلاق کرنا ہو گا، انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔