ملک میں بہتری کا عمل شروع ہو چکا ہے، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر نے کورونا کے باوجود ملکی ایکسپورٹ بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ، ڈاکٹر شہباز گل

فےصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ملک میں بہتری کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر نے کرونا جیسے بین الا قوامی وبائی مرض کے باوجود ملکی ایکسپورٹ کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ترقیاتی …

فےصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ملک میں بہتری کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر نے کرونا جیسے بین الا قوامی وبائی مرض کے باوجود ملکی ایکسپورٹ کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ترقیاتی ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کاعزم کئے ہوئے ہیں اور وہ اس کیلئے بھرپورکو ششیں کررہے ہیں۔ وہ بدھ کے روز پاکستان ہوزری مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن کے عہدے داروں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتری کا عمل تبدیلی سے مشروط ہے لہذا ملکی مفاد میں اگر سخت فیصلے بھی کرنے پڑے تو ان سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں حقیقی جمہوریت کا راج چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا سیکٹر عمران خان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اسکی ایکسپورٹ کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم احتسابی عمل سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ، کوئی بھی فرد قانون سے بالا تر نہیں ہے جس نے بھی کرپشن کی ہے اس کو احتساب کے کٹھرے میں لاکر قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، کیونکہ ملک میں امن و امان کے قیام اور احتسابی عمل کے بغیر پائیدار ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا لیکن ہم ماضی کی حکومتوں کی طرح ہم اپنے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے تک جس عہدے تک جو آدمی موجود ہو گا بوقت ضرورت تبدیل کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ سی سی پی او لاہور کے سامنے ڈھیر ہوگئی ہے اور اس شورغل مچانا شروع کر دیا ہے حلا نکہ ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں اپنی پسندیدہ پولیس افسران کی تعیناتی کرکے اپنی سےاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ سینکڑوں لوگوں کو پولیس مقابلوں میں مروایا ، ن لیگ جان لے کہ اب گلو بٹوں کا دور گزر گیا ہے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہے اور کسی بھی غیر قانونی عمل کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور پی ٹی آئی ن لیگ کی مرضی سے حکومت نہیں کرے گی کیونکہ پی ٹی آئی کا تو ویژن ہے ماضی کی حکومتوں کی طرف سے پیدا کی گئی خرابیوں کا خاتمہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں قبضہ مافیا پر ہاتھ ڈالا جارہا تھا جس کی وجہ سے شور مچایا جا رہا تھا ۔ ایسے پولیس افسران کو ن لیگ کےلئے کام کرتے رہیں ہیں وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور جان لیں ہر وقت موج مزے نہیں رہتے ۔ موجودہ حکومت پولیس کو آزادانہ کام کرنے کا موقع فراہم کر رہی ہے اور اس سے آنے والے دنوں میں عوام کو ریلیف ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی خصوصی کاوش کے ذریعے چینی حکومت کے ساتھ بات چیت کر کے زراعت کے شعبہ کو باقاعدہ طور پر سی پیک کا حصہ بنوایا جس سے زراعت کے شعبے میں بہتری آئے گی اور مستقبل میں ہمارا کسان خوشحال ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کپاس کے علاقے کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تباہ کیا گیا۔ سابقہ حکو متوں اور تاجروں نے مل کر کسان کا استحصال کیا اور وہاں شوگر ملیں لگائیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نفیس اور دیانتدار انسان ہیں ۔ انہوں نے رواں سال وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے اخراجات میں 38 فیصد کمی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا آج ہم سے کورونا کے خاتمے کی ترکیب پوچھ رہی ہے لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ سب اللہ کی مہربانی سے ممکن ہوا پوری دنیا کے ممالک میں کورونا کے دوران مساجد کو بند کر دیا گیا ۔ ہماری حکومت پر بھی اس حوالے سے دباﺅ تھا لیکن وزیر اعظم نے مساجد کو بند نہ کرنے کا فےصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران تاجروںنے جس تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا اور اپنی ملوں اور فیکٹریوں کے مزدوروں کو تنخواہ دی جس پر وہ تعریف کے مستحق ہیں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان مزدور طبقہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی طرف سے آئی پی پیز کے ساتھ 15 سالہ مہنگی بجلی کے معاہدے کرنے کا خمیازہ عوام اور ہم بھگت رہے ہیں ۔ ن لیگ نے شارٹ ٹرم پالیسی کے تحت لوگوں کو سہولیات دیں اور ڈالر کی قیمت کو مصنوعی طو ر پر کم رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کو منتقل ہوگئے ہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی پچھلے 12سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے جس نے نالوں کی صفائی کرنے کی بجائے ان پر عمارتیں بنادیں جس کی وجہ سے کراچی کو حالیہ بارشوں میں سیلابی صو رتحال کا سامنا کر نا پڑا ۔ سندھ حکومت و زیر اعظم کے کراچی پیکج پر قبضہ کرنا چاہتی ہے مگر اس کی یہ خواہش دیوانے کا خواب ہے جو کبھی پو ری نہیں ہوسکتی ، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف حکومت اور ملکی اداروں سے جھوٹ بول کر ملک سے باہر گئے ہیں وہ واپس آنے کےلئے باہر نہیں گئے ۔