وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب میں اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر پاکستان کا موقف وضاحت، جرات وتدبر اور بصیرت سے بیان کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب میں اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر پاکستان کا موقف وضاحت، جرات وتدبر اور بصیرت سے بیان کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کی طرز پر نئے پاکستان کی تعمیر کے اپنی حکومت کے …

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب میں اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر پاکستان کا موقف وضاحت، جرات وتدبر اور بصیرت سے بیان کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کی طرز پر نئے پاکستان کی تعمیر کے اپنی حکومت کے ویژن کو بیان کیا ۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے تنازعہ جموں وکشمیر کو مفصل اور مدلل انداز میں پیش کیا، بھارتی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی، کشمیریوں کے حقوق اور استصواب رائے کے حق کا وعدہ پورے کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین، افغان عمل، اسلاموفوبیا، کورونا، سرمائے کی غیرقانونی منتقلی کے اثرات اور ان کے حل پر کھل کر بات کی، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی، سلامتی کونسل میں اصلاحات اور بین الاقوامی امن وسلامتی جیسے اہم امور پرپاکستان کا موقف بیان کیا۔وزیراعظم نے عالمی وعلاقائی مسائل سے متعلق پاکستان کی جانب سے ٹھوس تجاویز بین الاقوامی رہنماوں کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تنازعہ جموں وکشمیر کے حوالے سے بھارتی غیرقانونی ویک طرفہ اقدامات اور ریاستی دہشت گردی کو علاقائی امن اور سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا،وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اس دیرینہ مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان کی امن کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی جانب بڑھنے کا مشور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموںو کشمیر میں جاری غیرانسانی فوجی محاصرہ فوری طورپر ختم کرے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھارت پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماورائے عدالت شہادتوں کا سلسلہ فوری بند کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت پر زور دیا کہ محصور کشمیری رہنماوں اور نوجوانوں کو فی الفور رہا ، ذرائع ابلاع پر پابندیوں کو ختم اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔ انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پائیدار امن اور سلامتی ناممکن ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے زور دیا کہ اس دیرینہ مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نے بھارت میں اقلیتوں خاص طورپر مسلمانوں پر جاری مظالم کی بھی کھل کر مذمت کی، ہندتوا کے انتہائ پسندانہ نظریات کی سنگینی سے آگاہ کیا، مسئلہ فلسطین پر وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کا اصولی موقف دوہرایا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں جاری امن عمل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا اور امن عمل کی جلد تکمیل پر زور دیا ،اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لئے وزیراعظم نے بین الاقوامی سطح پر قانون سازی کی تجویز پیش کی۔