وفاقی وزیربرائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود کی میڈیا سے گفتگو

لاہور۔26ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیربرائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے کہا ہے کہ جلد نیشنل کالج آف آرٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا جائے گا، این سی اے نے کرونا سے تحفظ کےلئے بہترین اقدامات کئے ہیں، تعلیمی ادارے کھولنے سے پہلے وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ کی گئی تاکہ طلباءو طالبات اور اساتذہ اکرام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے،حکومت مرحلہ وار سکولز، یونیورسٹیز اور …

لاہور۔26ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیربرائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے کہا ہے کہ جلد نیشنل کالج آف آرٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا جائے گا، این سی اے نے کرونا سے تحفظ کےلئے بہترین اقدامات کئے ہیں، تعلیمی ادارے کھولنے سے پہلے وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ کی گئی تاکہ طلباءو طالبات اور اساتذہ اکرام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے،حکومت مرحلہ وار سکولز، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی ادارے کھول رہی ہے، امید ہے پرائمری سکول بھی جلد کھل جائیں گے۔وہ ہفتہ کے روز این سی اے کے دورہ کے موقع پر بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ این سی اے کی کنٹرولنگ اتھارٹی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمودکا کہنا تھا کہ این سی اے نے کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے بہترین اقدامات کئے ہیں، تعلیمی ادارے کھولنے سے پہلے وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ کی گئی تاکہ طلباءو طالبات اور اساتذہ اکرام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار سکولز، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی ادارے کھول رہے ہیں امید ہے پرائمری سکول بھی جلد کھل جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ این سی اے کی تاریخی اہمیت ہے اور یہ آرٹ کا بہترین انسٹی ٹیوٹ ہے۔ گزشتہ حکومتوں کی جانب سے اسے ماضی میں نظر انداز کیاگیا اور یونیورسٹی کا درجہ دینے کے حوالے سے ضروری قانون سازی میں سست روی اختیار کی گئی، لیکن اب اس حوالے سے تمام امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ہی نیشنل کالج آف آرٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا جائے گا۔ اس موقع پر انکا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بہترین حکمت عملی سے کرونا کا مقابلہ کیا، کرونا کے باوجود ملک کی اکانومی بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، اجلاس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری نے ممبران کو این سی اے کے تعلیمی اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی، بورڈ آف گورنرزکے ممبرا ن نے این سی اے کی موجودہ کارکردگی کو سراہا اور تعریف کی۔