اسلام آباد۔ 27 ستمبر(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے (آج) 27 ستمبر 2020ء کو عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پوری دنیا کے ساتھ مل کر عالمی یوم سیاحت منا رہا ہے جو باعث مسرت ہے۔ رواں سال سیاحت کے عالمی دن کا موضوع ''سیاحت اور دیہی ترقی'' منتخب کیا گیا ہے۔ ہر سال اقوام متحدہ کے عالمی سیاحت کے ادارہ …
پاکستان کی دیہی برادریاں منفرد قدرتی اور ثقافتی ورثے کی امین ہیں، وہ پاکستان سمیت بین الاقوامی سیاحوں کو میزبانی کی بہترین سہولیات بھی فراہم کرتی ہیںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔ 27 ستمبر(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے (آج) 27 ستمبر 2020ء کو عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پوری دنیا کے ساتھ مل کر عالمی یوم سیاحت منا رہا ہے جو باعث مسرت ہے۔ رواں سال سیاحت کے عالمی دن کا موضوع ”سیاحت اور دیہی ترقی” منتخب کیا گیا ہے۔ ہر سال اقوام متحدہ کے عالمی سیاحت کے ادارہ (یو این ڈبلیو ٹی او) کے زیر اہتمام یہ دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد معاشرے، ثقافت اور کسی بھی ملک کی معاشی ترقی پر سیاحت کے اثرات کے حوالے سے بین الاقوامی برادری میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک کی زیادہ تر آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے اور رواں سال سیاحت اور دیہی ترقی کے موضوع پر منائے جانے والے عالمی دن کی مناسبت سے سیاحت سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ سیاحت دیہی نوجوانوں کو نہ صرف روزگار فراہم کرنے والا ایک بڑا شعبہ ہے جو دیہی علاقوں میں مقیم نوجوانوں اور خواتین کو معاشرے کی ترقی کے حوالے سے مختلف اقدامات میں شمولیت کے مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ علاقائی رابطوں کے فروغ بلکہ دور دراز دیہی علاقوں کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دیہی برادریاں ایک منفرد قدرتی اور ثقافتی ورثے کی امین ہیں، وہ پاکستان سمیت بین الاقوامی سیاحوں کو میزبانی کی بہترین سہولیات بھی فراہم کرتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سیاحت کے فروغ سے قومی معیشت کے حجم میں اضافہ اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحوں کو قدرتی مناظر تک براہ راست رسائی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قدیم ثقافتوں اور متنوع لینڈ سکیپ تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان سیاحت کے حوالے سے بھرپور استعداد سے نوازا گیا ہے اور پورے ملک میں پہاڑوں، صحرائوں اور خوبصورت وادیوں کی مختلف اشکال موجود ہیں جبکہ پاکستان کا سماجی اور ثقافتی تنوع بھی بہترین روایات کا امین ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی یوم سیاحت 2020ء کے حوالے سے یو این ڈبلیو ٹی او کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، نیشنل ٹورازم کو آرڈینیشن بورڈ اور نجی و سرکاری شعبوں کے دیگر تمام شراکت دار قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحت کے فروغ کے لئے بہترین کاوشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی باعث اطمینان کا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک میں سیاحتی مقامات کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھا رہی ہیں اور سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے ان اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان میں سیاحت کی صنعت عنقریب ایک بڑا شعبہ بن کر قومی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔








