معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی ریڈیو پاکستان سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا وائرس وبا پر قابو پانے کا کریڈٹ قومی اداروں کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔ اتوار کو ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہلک وبا کے پھیلاﺅ کو روکنے اور …

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا وائرس وبا پر قابو پانے کا کریڈٹ قومی اداروں کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔ اتوار کو ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہلک وبا کے پھیلاﺅ کو روکنے اور وبائی مرض کے خاتمے کیلئے قومی اداروں نے بالواسطہ اور بلاواسطہ اہم کردار ادا کیا ہے، اداروں اور عوام کے تعاون کے بغیر وبا پر قابو پانا مشکل تھا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تمام عوامل پر غور کرنے کے بعد حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا تھا اور ہم آہستہ آہستہ ملک کو معمول کی طرف لے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت اور صحت کے شعبے میں منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، وزیراعطم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاﺅن حکمت عملی کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، وفاقی حکومت، صوبوں اور اداروں نے موثر ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ کورونا کے پھیلاﺅ کو روکا اور اب ملکی معیشت دوبارہ استحکام کی جانب گامزن ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ معاشرے کے پسے ہوئے اور غریب طبقے کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے اور اسی سلسلے میں حکومت نے متعدد فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں جس میں احساس کیش پروگرام اور کامیاب جوان پروگرام وغیرہ شامل ہیں۔