اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افعانستان کے عوام لازوال ثقافتی، مذہبی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پرامن افغانستان پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو افغان اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور …
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا افغان اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات میں اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افعانستان کے عوام لازوال ثقافتی، مذہبی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پرامن افغانستان پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو افغان اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے امن مذاکرات کے سلسلے میں ڈاکٹرعبداللہ کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔ افغان ولسی جرگہ کے سپیکر کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے افغان پارلیمنٹ کے ساتھ بامقصد اور جامع تعاون کو فروغ دینے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح قانون ساز اداروں کے مابین باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کو اپنے پارلیمانی اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ باضابطہ تجارت اور عوام کی نقل و حرکت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا گیا ہے اور اس ضمن میں اپنی سفارشات حکومت کو بھیج دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ 80 فیصد سفارشات پر عمل درآمد ہوچکا ہے جبکہ ویزا پالیسی کی وفاقی کابینہ جلد منظوری دے دی گی۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے دونوں ممالک کی معیشت کو تقویت ملے گی۔ سپیکر نے سرحدی منڈیوں کے قیام کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی منڈیوں کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ سپیکر نے کہا کہ خاص طور پر پاکستانیوں کے لئے ورک ویزوں کے لئے ویزا میں نرمی کی جائے اور افغانستان میں قید پاکستانیوں تک کونسلر رسائی دی جائے۔ ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ نے پاکستان میں اپنے پرتپاک خیر مقدم کا شکریہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور عوام امن مذاکرات کے دوران پاکستان کے بھرپور تعاون کے ممنون و مشکور ہیں۔ ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ نے تجارتی سرگرمیوں اور عوام کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا کرنے کے لئے اسپیکر کی غیر معمولی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس طرح کی تمام سہولیات سے دونوں ممالک کی معیشت کو فروغ مل سکے گا۔ انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ وہ تمام متعلقہ حکام سے ان معاملات پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام خدشات جائز ہیں اور ان کا تدارک ترجیح بنیادوں پر ہونا چاہئے۔








