راولپنڈی۔3اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر حملہ کرنے والے اور ملک کو لوٹنے والے نواز شریف قومی مجرم ہیں، کلبھوشن رنگے ہاتھوں پکڑا گیا مگر نواز شریف نے کبھی انڈیا کے خلاف کبھی کوئی بیان نہیں دیا اور اب لوگوں کو اکسانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، حکومت کو ان سے کو کوئی خطرہ نہیں، ان …
قومی سلامتی پر حملہ کرنے والے اور ملک کو لوٹنے والے نواز شریف قومی مجرم ہیں، غلام سرور خان
راولپنڈی۔3اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر حملہ کرنے والے اور ملک کو لوٹنے والے نواز شریف قومی مجرم ہیں، کلبھوشن رنگے ہاتھوں پکڑا گیا مگر نواز شریف نے کبھی انڈیا کے خلاف کبھی کوئی بیان نہیں دیا اور اب لوگوں کو اکسانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، حکومت کو ان سے کو کوئی خطرہ نہیں، ان کے ملک دشمن بیانات پر ان کے اپنے لوگ انکا ساتھ نہیں دے رہے، ہندوستان کے ایجنڈے پر کام کرنے والے ناکام ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کیمپ آفس راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ بحیثیت ایک پاکستانی اور ایک کارکن یہ پریس کانفرنس کر رہا ہوں، یہ ایک قومی معاملے پر ہے، قومی سلامتی پر حملہ کرنے والے اور ملک کو لوٹنے والے نواز شریف قومی مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار ہفتے کے لئے بیماری کا کہہ کر بیرون ملک گئے اور وہاں پاکستانی اداروں کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، پاکستان کا قیام جو کہ نظریات کی بنیاد پر بنا، اس میں مسلم لیگ نے ہر اوّل دستے کا کا م کیا، پاکستان اللہ تعالی کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے یہ ہمارا ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان جو نواب آف بھوپال تھے، انہوں نے اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کردیا، ان کی قربانیاں آج تک سب کو یاد ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ ہم سب نے پاکستان کو جائز مقام دینے میں ہمیشہ کوتاہی برتی، تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف نے پاکستان کو کیا دیا، اب یہ پاکستان اور مسلم لیگ کے لئے بدنما داغ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے خلاف بدترین کنفیڈریشن کی، پاکستان کے اداروں پر وار کیا، کسی قسم کی کوئی ٹریٹمنٹ ہی نہیں رہی، ملک کے غریب عوام کا خون چوسا، اس نااہل شخص نے اداروں کا تباہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میری اپیل ہے مسلم لیگی سوچ رکھنے والوں مسلم لیگی عہدیداروں سے کہ وہ بددیانت شخص کے بارے میں سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، کلبھوشن رنگے ہاتھوں پکڑا گیا مگر نواز شریف نے کبھی انڈیا کے خلاف کبھی کوئی بیان نہیں دیا، یہ ہندوستانی ایجنڈے پر کام کررہا ہے، یہ مسلم لیگ کا لیڈر انتہائی کرپٹ شخص ہے، اللہ پاکستان کو ایسے حکمرانوں سے محفوظ رکھے، یہ الطاف حسین ثانی بن رہا ہے، ڈر ہے کہ نواز شریف اقتدار کے لئے اپنا دھرم بھی تبدیل نہ کرلے، سب سے پہلے ان کو پاکستان واپس لانا ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار لیڈر چاہئے، یہ جذبہ عمران خان میں موجود ہے اس کی قدر کریں، ان کی کوئی اے پی سی، کو ئی جلسہ پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اب ان سے جان چھڑانی چاہئے ملک کی تعمیرو ترقی کے لئے ضرور سوچیں، لوگوں کو اکسانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، حکومت کو ان سے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ان کے ملک دشمن بیانات پر ان کے اپنے لوگ انکا ساتھ نہیں دے رہے، گڈ گورننس کو بہتر کرنے کے کئے اقدامات کر رہے ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ ہندوستان کے ایجنڈے پر کام کرنے والے ناکام ہونگے، مولانا فضل الرحمان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے، صرف مدرسے کے طالبعلموں کا ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی آواز پر کوئی دھیان ہی نہیں دے رہا کیونکہ اب سب کو ان کے بارے میں پتہ چل چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نواز شریف کی بیماری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ رپورٹ غلط تھی ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی ہونی چاہئے، ہمیں یہ کام ہی نہیں کرنے دیتے ہم خلوص نیت سے ملک میں ترقی اور خوسحالی اور مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، کنسٹرکشن اور زرعی شعبے کی ترقی کے لئے کام شروع کیا جا چکا ہے، ہم عوام کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کام کرنے والے ہر اس شخص کو کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔









