وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاحت کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاحت کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت حماد اظہر، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، گلگت بلتستان کی وزیر سیاحت ثمینہ بیگ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سیاحت مشتاق منہاس، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، پی ٹی ڈی سی …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاحت کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت حماد اظہر، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، گلگت بلتستان کی وزیر سیاحت ثمینہ بیگ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سیاحت مشتاق منہاس، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انتخاب عالم اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود، سندھ کے وزیر سیاحت سید سردار علی شاہ، بلوچستان کے وزیر سیاحت عبدالخالق ہزارہ، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، سیاحت کے صوبائی سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ سمندر پار پاکستانیز کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری نے کمیٹی کو سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے قابل ذکر اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام موجودہ اور ممکنہ سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ کی جا رہی ہے، سیاحت کی ترقی کے لئے حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ کا طریقہ کار بھی طے کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ سیاحتی مقامات پر تجاوزات کے خلاف اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان کی خوبصورتی میں اضافے اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے کے لئے بھی منصوبے زیر عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام صوبائی حکومتوں کو اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جا رہا ہے جبکہ میزبانی کے شعبے کی ترقی کے لئے سیاحت سے متعلقہ مشینری اور آلات کی درآمد کے لئے مراعات بھی مہیا کی جائیں گی۔ سید ذوالفقار عباس بخاری نے سیاحت کی ترقی کے لئے منصوبہ برائے 2020-21 بھی پیش کیا جس کے تحت انسانی وسائل کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ 40 سیاحتی مقامات اور 7 تھیم پارک کے لئے ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔ موجودہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو رش کم کرنے کے لئے 40 نئے سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے گی اور سیاحت کے شعبے میں معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نیشنل سٹینڈرڈز اینڈ سرٹیفکیشنز میکنزم وضع کیا جائے گا اور 30 بین الاقوامی معیار کی فزیبلٹی بھی تیار کی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو مختلف طرح کے موسم والے علاقوں اور بہت سے سیاحتی مقامات سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایکو ٹورازم پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ ماحولیات کو بھی کوئی نقصان نہ پہنچے اور سیاحتی مقامات کو بھی ترقی دی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو سیاحت کے ذریعے فروغ دیا جا سکتا ہے اس سے پاکستان کو نہ صرف بہت آمدنی حاصل ہو سکتی ہے بلکہ ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاحت کی ترقی کے لئے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔\

مزید خبریں