ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، درست سمت میں رہنمائی کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر سید امین الحق کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات سید امین الحق نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ بہت ہے مگر کامیابی حاصل کرنے کے لئے ان کو درست سمت میں رہنمائی کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے سرسید یونیورسٹی اور وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے لئے سرسید یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات سید امین الحق نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ بہت ہے مگر کامیابی حاصل کرنے کے لئے ان کو درست سمت میں رہنمائی کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے سرسید یونیورسٹی اور وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے لئے سرسید یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ بعدازاں سرسید یونیورسٹی کی طرف سے رجسٹرار سید سرفراز علی اور وزارت مواصلات کی طرف سے سید جنید امام نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ۔ تقریب میں سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار، سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے انفارمیشن ایند کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی بڑی اہمیت ہے اور ہماری پوری توجہ پاکستان کی اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے۔اس ضمن میں ہماری کوششیں بارآور ثابت ہورہی ہیں اور آئی ٹی انڈسٹری ہر سال کمپنیوں کی تعداد میں اضافے اور برآمدات کے بڑھتے ہوئے حجم کی شکل میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ معیشت کے فروغ کے لئے کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دینابہت ضروری ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ، معاشی ترقی کی کنجی ہے اورمعاشرے کے عروج و زوال میں تخلیقات و ایجادات کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ جامعہ کی توجہ ایجادات اور تخلیقات پر مرکوز ہے۔ہم پاکستان میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جس کی بنیاد علم و فنون پر ہو۔سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جامعہ کے طور پرایک موثر کردار ادا کر رہی ہے اور اداروں کے ساتھ باہمی تعاون و اشتراک کے ذریعے سماجی و معاشی ترقی کے لیے جدید دور کے چیلنجز سے بخوبی بنرد آزما ہورہی ہے۔