اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حق پرست جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، بھارت کے غیر انسانی اقدامات، وحشیانہ جبر نے ”ہندوتوا“ آر ایس ایس۔بی جے پی حکومت کا انتہا پسندانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کشمیر میں یومِ سیاہ کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حق پرست جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، بھارت کے غیر انسانی اقدامات، وحشیانہ جبر نے ”ہندوتوا“ آر ایس ایس۔بی جے پی حکومت کا انتہا پسندانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں، کشمیری ایک سال سے زائد عرصہ سے اپنے گھروں میں قید ہیں، بھارتی مظالم کی ہولناک اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق ارادیت کے حصول کیلئے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر میں یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 73سال قبل آج کے دن بھارتی فوج بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرینگر میں اتری، گزشتہ سال5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے قدم اٹھایا، بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو کشمیری عوام، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں، کشمیری ایک سال سے زائد عرصہ سے اپنے گھروں میں قید ہیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ کشمیری اپنی ہی زمین میں غیر ملکی اور اپنی سڑکوں پر آزادانہ طور پر چلنے کے قابل نہیں، 80 لاکھ کشمیریوں پر 9 لاکھ سے زائد قابض فوج نے مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر انسانی اقدامات، وحشیانہ جبر نے ”ہندوتوا“ آر ایس ایس بی جے پی حکومت کا انتہا پسندانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ بھارتی مظالم کی ہولناکی اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام پرعزم ہیں، کشمیری عوام نے ثابت کیا کہ بھارت طاقت سے کشمیریوں کے عزم کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں اور ناقابل ِ تسخیر جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری عوام کی حق پرست جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق ِخودارادیت حصول تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔








