اپوزیشن کا منفی بیانیہ جمہوریت، ملکی سالمیت اور معیشت کیلئے نقصان دہ ہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت اندرونی و بیرونی دشمنوں کو پاکستان کو نقصان نہیں پہنچانے دے گی، پشاور میں مدرسہ دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں جس میں متعدد افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، ملک دشمن عناصر اس طرح کی کارروائیاں کر کے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت اندرونی و بیرونی دشمنوں کو پاکستان کو نقصان نہیں پہنچانے دے گی، پشاور میں مدرسہ دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں جس میں متعدد افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، ملک دشمن عناصر اس طرح کی کارروائیاں کر کے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی مدد سے ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور معصوم لوگوں کو مار کر ملک کے امن کو خراب کرنا ان کا واحد مقصد ہے، تمام مذہب محبت، پیار، امن، برداشت، بھائی چارے انسانیت کے احترام کا درس دیتے ہیں لیکن دہشتگرد اپنے مذموم عزائم کی خاطر اس طرح کے اقدار کو مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مقصد کیلئے وہ ان کے ساتھ قربانیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر موجودہ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کی نام نہاد احتجاجی تحریک انہی کے عزائم کی کڑی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کرنی چاہیے کیونکہ ان کا منفی بیانیہ ملکی سالمیت کیلئے نقصان دہ ہے، اس کے علاوہ ملکی معیشت کو بھی بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے ہیں لیکن ان کی حکومت مخالف مہم ناکام ہو گی جیسا کہ عوام نے انہیں پہلے ہی مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار اپوزیشن ہمیشہ پارلیمنٹ کے فورم پر عوامی مسائل کو اٹھاتی ہے اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتی ہے اسطرح سڑکوں میں وقت ضائع نہیں کرتی۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما منفی بیانات کے ذریعے جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ملک میں انتشار پھیلانے اور عدم استحکام پیدا کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم یوم سیاہ منا رہی ہے اور اس بات کا اعادہ کر رہی ہے کہ وہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر کے اسے انٹرنیشلائزڈ کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قومی سلامتی کی قرارادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر حل کرنے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی۔