اپوزیشن جماعتیں شوق سے جلسے کریں،حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کام جاری رکھے گی، نواز شریف کو قومی اداروں کے خلاف بیان بازی زیب نہیں دیتی،وفاقی وزیر شفقت محمود

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں شوق سے جلسے کریں، حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کام جاری رکھے گی، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر انقلاب برپا کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، وہ تین دفعہ ملک کے وزیراعظم رہے ہیں انہیں قومی اداروں کے خلاف بیان بازی زیب نہیں دیتی، …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں شوق سے جلسے کریں، حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کام جاری رکھے گی، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر انقلاب برپا کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، وہ تین دفعہ ملک کے وزیراعظم رہے ہیں انہیں قومی اداروں کے خلاف بیان بازی زیب نہیں دیتی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو عوام میں مقبولیت حاصل ہے اسے اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن رہنماوں کی طرف سے ملکی سالمیت پر حملہ افسوسناک ہے، اپوزیشن جماعتیں حکومت کی کارکردگی اور پالیسیوں پر تنقید ضرور کریں تاہم قومی اداروں کے خلاف بیان بازی بند کر دیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپریل سے بار بار کہہ رہے تھے کہ گندم درآمد کر لیں، گندم درآمد کرنے میں لاپرواہی کی گئی اور اس میں مختلف ادارے ملوث ہیں، سندھ حکومت نے گندم روکی رکھی اور وقت پر ریلیز نہیں کی جس کی وجہ سے بحران پیدا ہوا، ابھی سندھ حکومت نے تھوڑی گندم ریلیز کی ہے، اس کے علاوہ گندم درآمد بھی کی جا رہی ہے، امید ہے کہ اگلے چند دنوں میں آٹے کی قلت کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کا فیصلہ نہیں ہوا، اگلے چند دنوں میں کسانوں کیلئے پیکیج آ رہا ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تاہم ملک میں مجموعی معاشی صورتحال بہتر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ خفیہ ملاقاتوں کا علم نہیں لیکن ایک بات واضح ہے کہ وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں کسی ایسے شخص کو سہولت اور معافی نہیں دیں گے جس نے قوم کا پیسہ کھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اقتدار سے باہر ہونے کا اتنا افسوس ہے کہ یہ آخری حدیں پار کر رہے ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں آزاد بلوچستان کی باتیں ہو رہی ہیں جو ملک دشمن بیانیہ ہے، اپوزیشن جماعتیں ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ نظام لپیٹا جائے لیکن ان کی خواہش پوری ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی۔ شفقت محمود نے کہا کہ دہشتگردی اور کورونا کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، پاکستان نے پہلے بھی دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آئندہ بھی جاری رکھے گی، اسی طرح کورونا وبا کے خاتمے کیلئے عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جسطرح بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی صورتحال ایسی نہیں کہ تعلیمی ادارے بند کر دیئے جائیں، این سی او سی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور اسی کے مطابق فیصلے کئے جا رہے ہیں، جن سکولوں میں کیسز سامنے آتے ہیں انہیں بند کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، عوام کو چاہیے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو کابینہ میں ردوبدل کا اختیار حاصل ہے۔