پی ڈی ایم کو دسمبر جنوری کے بعد مہنگائی پر بات کرنے کا موقع نہیں ملے گا،معاون خصوصی امور نوجواناں

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مہنگائی پر سیاست کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ مل کر مہنگائی پر قابو پانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، دسمبر جنوری کے بعد اپوزیشن کو مہنگائی پر بات کرنے کا موقع نہیں ملے گا، اپوزیشن جماعتیں اپنے جلسوں …

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مہنگائی پر سیاست کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ مل کر مہنگائی پر قابو پانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، دسمبر جنوری کے بعد اپوزیشن کو مہنگائی پر بات کرنے کا موقع نہیں ملے گا، اپوزیشن جماعتیں اپنے جلسوں میں عوام کے مسائل کی نشاندہی کرنے کی بجائے ریاست کو کمزور کرنے کی باتیں کر رہی ہیں اسلئے وزیراعظم عمران خان کا جواب دینا بنتا ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما ایاز صادق کا بیان ایک پالیسی بیان تھا اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیغام دیا گیا، اپوزیشن کا بیانیہ گوجرانوالہ جلسے سے ہو کر پارلیمنٹ تک پہنچ گیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنانی چاہیے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ن لیگ کے اندر لوگ نواز شریف کے قومی اداروں کے خلاف بیانات کے حوالے سے کنفیوژ ہیں، لیگی رہنما کسی جگہ کچھ کہتے ہیں اور دوسری جگہ پر کوئی اور بیان دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجائے مذمت کے مریم صفدر ایاز صادق کے بیان کو سپورٹ کر رہی ہیں جو کہ انتہائی خطرناک ہے، قوم با شعور ہو گئی ہے اور وہ کسی صورت میں اپوزیشن کے قومی اداروں کے خلاف بیانیے کو سپورٹ نہیں کریں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پاکستان میں وقتی مہنگائی ہے، حکومت مہنگائی میں کمی اور بے روزگاری کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اگلے چند ماہ میں آٹے اور چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، وہ اپنی کارکردگی کا حساب دے ، 18ویں ترمیم کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت آٹے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے کام کرے۔