اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت بی آئی ایس پی بورڈ کا 43واں اجلاس بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ بی آئی ایس پی احساس کے 34 عملدرآمدی اداروں میں سے ایک اہم ادارہ ہے۔ بورڈ اجلاس میں 19ایجنڈا آئٹمز زیر بحث آئے جن میں احساس نشوونما پروگرام میں …
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت بی آئی ایس پی بورڈ کا اجلاس، 19ایجنڈا آئٹمز زیر بحث آئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت بی آئی ایس پی بورڈ کا 43واں اجلاس بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ بی آئی ایس پی احساس کے 34 عملدرآمدی اداروں میں سے ایک اہم ادارہ ہے۔ بورڈ اجلاس میں 19ایجنڈا آئٹمز زیر بحث آئے جن میں احساس نشوونما پروگرام میں توسیع، احساس ون ویمن ون اکاﺅنٹ اقدام کیلئے موبائل والٹس کا اجرائ، سائبر کرائم کنٹرول ونگ کا قیام، احساس کفالت کے تحت وفات پاجانے والے مستحقین کے لواحقین کیلئے آسان ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلئے نادرا کے ساتھ معاہدہ، احساس نشوونما اور احساس تعلیمی وظائف کیلئے سٹیئرنگ کمیٹیوں کا قیام اور احساس تعلیمی وظائف کی مانیٹرنگ ٹیموں کیلئے حادثہ کی صورت میں انشورنس پالیسی کی تشکیل شامل تھے، گہری سوچ وچار اور تجزیے کے بعد کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ احساس نشوونما پروگرام کی رسائی کو بڑھانے کیلئے بورڈ نے 9 سے 12 اضلاع میں اس پروگرام کی توسیع کی منظوری دی ہے۔ فلیگ شپ پروگرام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ جن اضلاع میں اسٹنٹنگ کی شرح زیادہ ہے ان اضلاع کو پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے، اب تک 9 اضلاع میں 22 نشوونما مراکز کھولے جا چکے ہیں، مجموعی طور پر 12 اضلاع میں 52 احساس نشوونما مراکز کھولے جائیں گے۔ بی آئی ایس پی بورڈ نے احساس کفالت کی مستحق خواتین کیلئے احساس ون ونڈو ون اکاﺅنٹ اقدام کے اجراءکی منظوری بھی دی ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم مستحقین کو مالی طور پر مستحکم کرنے کیلئے یہ اقدام اٹھا رہے ہیں تاکہ یہ غربت سے باہر نکل سکیں۔ مزید برآں بی آئی ایس پی بورڈ نے احساس کے تحت مستحقین میں ادائیگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے سائبر کرائم کنٹرول ونگ کی منظوری کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم ٹرانسپیرنسی میری ذاتی ترجیحات میں شامل ہے اور اس عمل کو تیز کرنے کی متعدد کوششیں کی جا رہی ہیں۔ احساس کفالت کے تحت وفات پاجانے والے مستحقین کے لواحقین کیلئے آسان ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلئے بورڈ نے نادرا کے ساتھ معاہدہ کی منظوری دی ہے۔ دیگر اہم فیصلوں میں احساس نشوونما اور احساس تعلیمی وظائف کیلئے سٹیئرنگ کمیٹیوں کا قیام اور احساس تعلیمی وظائف کی مانیٹرنگ ٹیموں کیلئے حادثہ کی صورت میں انشورنس پالیسی کی تشکیل کی منظوری شامل ہے۔ بورڈ اجلاس میں سیکرٹری بی آئی ایس پی یوسف خان، سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن محمد علی شہزادہ، سیکرٹری وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ غفران میمن، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈویژن اور نادرا اور اکنامک افیئر ڈویژن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ نجی اداروں کے ممبران میں سے ظفر اے خان، قاضی عظمت عیسی اور خانور ممتاز نے اجلاس میں شرکت کی۔ ممبران نے فزیکلی اور ورچوئلی اجلاس میں شرکت کی۔ بورڈ اجلاس کے اختتام پر معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تمام بورڈ ممبران کا ان کے قیمتی وقت، تعاون اور بھروسہ کیلئے شکریہ ادا کیا۔








